Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم گرما میں اچھی نیند کے لیے سونے سے پہلے کیا کھائیں؟

اچھی نیند کے لیے کھانے کے بعد میٹھے سے پرہیز کریں (فوٹو: پکسابے)
موسم گرما میں تپش کے باعث ہمیں نہ صرف دن میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بہت سے لوگوں کی رات کی نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق نیند کے دوران جسم کا درجہ حرارت نسبتاً کم ہوتا ہے، لیکن آپ کے اردگرد درجہ حرارت زیادہ ہو تو آپ کے لیے بھرپور نیند لینا مشکل ہو جاتا ہے اور اگر نیند آ بھی جائے رات کروٹیں لیتے گزرتی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے موسم گرما میں آپ کی خوراک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ اس موسم میں دن کے وقت ہمیں ہلکی اور ہائیڈریٹ کرنے والی خوراک استعمال کرنی چاہیے، لیکن رات کو کیا کھایا جائے کہ نیند اچھی آئے۔
رات کے کھانے کے بعد میٹھے سے پرہیز
بہت سے لوگ رات کے کھانے کے بعد میٹھا پسند کرتے ہیں، لیکن اچھی نیند کے لیے کھانے کے بعد میٹھے سے پرہیز کریں خصوصاً جب کھانے اور بیڈ پر جانے کے درمیان زیادہ گیپ نہ ہو۔ میٹھا جسم میں انسولین کے لیول کو متاثر کرتا ہے جس کی وجہ نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔
مصالحے دار چیزوں سے جان چھڑائیں
مصالحے ہمارے نظام ہضم کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے ہمیں تیزابیت، ڈکار اور قبض اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر آپ کا نظام ہضم ٹھیک نہیں تو نیند آنے میں بھی مشکل ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ مصالحے جسم کے درجہ حرارت کو بھی بڑھاتے ہیں۔
ہربل چائے، بابونہ چائے یا گرم دودھ کا استعمال
سونے سے پہلے بابونہ کی جڑی بوٹی کا قہوہ استعمال کریں۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اور یہ ہمارے جسم کو پرسکون کرنے میں مدد دیتی ہے جس سے نیند بہتر ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ آپ زیرے، سونف، دارچینی اور جیفل کو ملا کر قہوہ بھی بنا سکتے ہیں۔ یہ سب جڑی بوٹیاں بھرپور نیند کے لیے مددگار سمجھی جاتی ہیں۔

خشک میوں میں میگنیشیم ہوتی ہے اور ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ ان سے ٹینشن میں کمی ہوتی ہے (فوٹو: پکسابے)

گرم دودھ بھی صدیوں پرانا نسخہ ہے جس سے اچھی نیند آتی ہے۔ سونے سے پہلے کیفین جیسے چائے اور کافی کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔
کیلے، خشک میوے اور شہد کا استعمال
اگر آپ ان اشیا کو خوراک میں شامل کریں تو نیند اچھی آتی ہے۔ شہد سے دماغ کو ایسے کیمیکل ملتے ہیں جو جسم کو راحت پہنچاتے ہیں۔ کیلوں اور خشک میوں میں میگنیشیم ہوتی ہے اور ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ ان سے ٹینشن میں کمی ہوتی ہے۔
طرز زندگی میں تبدیلی لائیں

بہتر یہی ہے کہ آپ رات کو سونے سے تین چار گھنٹے پہلے کھانا کھا لیں (فوٹو: پکسابے)

آپ کی نیند تناؤ اور بے چینی جیسے مسائل کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے، لہذا اس کے لیے صرف خوراک مفید ثابت نہیں ہوتی بلکہ لائف سٹائل کو بھی بدلنا پڑتا ہے۔
بہتر یہی ہے کہ آپ رات کو سونے سے تین چار گھنٹے پہلے کھانا کھا لیں تاکہ وہ اچھی طرح سے ہضم ہو سکے۔ اس کے علاوہ سونے سے پہلے ٹھنڈے پانی نہ نہائیں کیونکہ اس سے نیند متاثر ہوتی ہے۔

شیئر: