سوڈان کے متحارب فریق مذاکرات میں پیش رفت کریں، سعودی عرب و امریکہ
سوڈان میں فوج کے مختلف دھڑوں کے درمیان گزشتہ ماہ کے وسط میں جھڑپیں شروع ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
جدہ میں مذاکرات سے قبل کے آغاز سے قبل کے مرحلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان کے تنازعے کے متحارب فریقوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی طرف جائیں۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو ایک مشترکہ بیان میں سعودی عرب و امریکہ نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ ’جنگ بندی اور تنازعے کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں فعال طور پر شامل ہوں۔‘
گزشتہ ماہ اپریل کی 15 تاریخ کو تنازعے کے آغاز سے سوڈانی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 550 افراد ہلاک اور تقریباً 5000 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کو پڑوسی ممالک میں محفوظ پناہ گاہوں کی طرف بھاگنا پڑا ہے۔
جنگ بندی کی متعدد کوششیں عملی طور پر ناکام ہو گئیں کیونکہ جمعے کو بھی دونوں افواج میں جھڑپیں جاری رہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ دونوں فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ سوڈانی قوم اور اس کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھیں۔
’سعودی عرب اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ توسیع شدہ مذاکراتی عمل کے لیے جاری مربوط بین الاقوامی حمایت پر زور دیتے ہیں جس میں تمام سوڈانی فریقوں کی شمولیت ہونا چاہئیے۔‘
سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ نے جمعے کو تنازع کے خاتمے کے لیے اپنے ملکوں کی حکومتوں کے عزم کا اعادہ کیا۔