Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن کے دوران سرکاری اداروں کے آپریشنل پروگرام اور سکیموں کا جائزہ

بیرون مملکت سے اس سال 1.85 ملین عازمین  کا خیر مقدم کیا جائے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ حج و زیارت کمیٹی کا اجلاس  پیر کو گورنر مدینہ اور سربراہ کمیٹی شہزادہ فیصل بن سلمان کی صدارت میں ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حج و زیارت کمیٹی نے حج سیزن کے دوران سرکاری اداروں کے آپریشنل پروگرام اور سکیموں کا جائزہ لیا۔
گورنر مدینہ منورہ نے کہا کہ ’حج سیزن کے انتظامات کے حوالے سے تمام ادارے بھرپور تیاری کریں۔ سعودی حکومت پوری گنجائش کے ساتھ حج انتظامات کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ کورونا وبا کے دوران عازمین کی تعداد کے حوالے سے جو پابندیاں تھیں وہ اس سال نہیں ہوں گی‘۔ 
اجلاس میں شہزادہ فیصل بن سلمان نے زائرین کے حوالے سے صحت نگہداشت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
 اجلاس میں وزارت حج و عمرہ ایجنسی برائے زیارت مدینہ منورہ کے آپریشنل پلان کا جائزہ لیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ’بیرون مملکت سے اس سال 1.85 ملین عازمین  کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ایئرہورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر عازمین کے خیرمقدم کےلیے انتظامات کیے گئے ہیںّ۔  
کمیٹی نےمسجد نبوی کے اطراف علاقے میں خالی ہوٹلوں کی گنجائش اور رہائشی سہولتوں پر نظرثانی بھی کی۔ 
گورنر مدینہ اور کمیٹی کے ارکان نے ریاض الجنہ میں نمازاور زیارت کے انتظامی پروگرام کا جائزہ لیا۔ 
علاوہ ازیں محکمہ صحت مدینہ نے 3324 بستروں کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں 828 بستر تیار ہیں۔ ایئرپورٹ پر صحت خدمات اورانتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ 
گورنر مدینہ منورہ نے کمیٹی کے تمام ارکان کو ہدایت کی کہ’ وہ مسجد نبوی مدینہ منورہ کی زیارت کے لیے آنے والوں کو ہر ممکن آسانی اور راحت فراہم کرنے کے لیے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائیں‘۔ 

شیئر: