پٹنہ .... پٹنہ میں ہفتے کی صبح ایک شاپنگ مال میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور وہاں300دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ آگ بہت تیزی سے اس شاپنگ مال کی پانچوں منزلوں تک پھیل گئی۔ فائر بریگیڈ کی8گاڑیاں موقع پر پہنچیں او رانہوں نے 3 گھنٹے میں اس پر قابو پایا۔ انکی کوششوں سے آگ قریب کی عمارتوں تک پہنچنے سے روک دی گئی۔ قریب ہی ایک پیٹرول پمپ، رہائشی عمارت ، ہندی زبان کے اخبار کاہیڈکوارٹر ، الیکٹرانک اشیاءکا شو روم اور ایک کمرشل کمپلیکس بھی قائم ہے۔ انتظامیہ کو اس موقع پر جمع ہونے والے ہجوم پر قابو پانے میں بھی مشکل کا سامنا تھا۔ صبح 4بجکر 45منٹ پر ایک پولیس اہلکار نے گراﺅنڈ فلور پر آگ لگنے کی اطلاع دی تھی۔ فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کو الرٹ کردیا گیا تھا۔ یہ اہلکار مال میں داخل ہوئے اور انہوں نے وہاں نیند کے مزے لینے والے پرائیویٹ گارڈز کو جگایا۔8گارڈز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اہلکاروں کاکہناتھا کہ آگ بہت تیزی سے پھیلی۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہ معلوم نہیں ہوسکی۔ خیال ہے کہ کروڑوں کا نقصان ہوا ہے جبکہ عمارت بھی تباہ ہوگئی ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں کہ عمارت میں آگ سے بچاﺅ کے آلات موجود تھے یا نہیں۔