Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو شو کے دوران فائرنگ سے انڈین گلوکارہ زخمی

پولیس کے مطابق گولی نیشا اپادھیے کی بائیں ران میں لگی (فوٹو: آؤٹ لُک انڈیا)
انڈین ریاست بہار میں لائیو شو کے دوران فائرنگ سے معروف لوک گلوکارہ گولی لگنے سے زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔
انڈیا ٹائمز اخبار کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’بھوجپوری سنگر نیشا اپادھیے لائیو شو میں پرفارم کر رہی تھیں کہ وہ جشن میں کی جانے والی فائرنگ کی زد میں آ گئیں۔‘
بہار کے ضلع سرن میں جنتا بازار علاقے کی پولیس کو اس واقعے کا علم سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو سے ہوا جس کے بعد وہ جائے وقوعہ پر پہنچی۔
پولیس کے مطابق گولی نیشا اپادھیے کی بائیں ران میں لگی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
فن و ثقافت کے وزیر جتندر کمار رائے نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جشن میں کی جانے والی فائرنگ ایک مجرمانہ فعل ہے اور لوگوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بارے میں بتایا گیا ہے۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ لوگوں کو علم ہونا چاہیے کہ عوامی اجتماعات، مذہبی مقامات، شادی اور ہر طرح کی تقریب کے دوران جشن میں کی جانے والی فائرنگ ایک مجرمانہ عمل ہے چاہے وہ لائسنس یافتہ اسلحے سے کی گئی ہو۔‘
وزیر نے کہا کہ ’ملزمان کی سزا ملنی چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ پولیس جائزہ لے گی کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، اس میں کون لوگ ملوث تھے اور گولی کیسے چلائی گئی۔‘

شیئر: