Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مصر میں صنعتی شعبے میں شراکت کے فروغ پر تبادلہ خیال

سعودی وزیر صنعت نے قاہرہ میں مصری وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے اتوار کو قاہرہ میں مصری وزیراعظم مصطفی متبولی سے ملاقات کی ہے۔  
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر مصری وزیر تجارت و صنعت احمد صالح،  سعودی نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر اسامہ الزامل، مصر میں سعودی سفیر اسامہ نقلی اور صنعت و معدنیات کے اداروں کے عہدیدار موجود تھے۔ 
ملاقات میں صنعت اور کانکننی کے شعبوں میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان شراکت کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب اور مصر میں صنعت کی قومی حکمت عملی کے باعث سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
 تیل کے ماسوا برآمدات میں اضافے کے طریقے اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے بڑے اقتصادی امکانات اور وسائل  سے استفادے کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ 

سعودی وزیر صنعت و معدنیات سنیچر سے مصر کے سرکاری دورے پر ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے کہ سعودی وزیر صنعت و معدنیات سنیچر سے مصر کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس کا مقصد قومی معیشت کے نقشے پر کانکنی اور صنعت کے شعبوں کے کردار کو مستحکم کرنا ہے۔ 
سعودی  وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے اور صنعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مصر کا سرکاری دورہ شروع کیا ہے۔  بندر الخریف  کے ساتھ نائب وزیر صنعت و معدنی وسائل اسامہ الزمل بھی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق  دونوں وزرا  صنعتی اور کان کنی کے شعبوں میں مختلف سرکاری حکام اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کرنے کے علاوہ متعدد کمپنیوں اور کارخانوں کے دورے کریں گے۔
یہ دورہ سعودی عرب کی قومی معیشت میں صنعتی اور کان کنی کے شعبوں کے کردار کو تقویت دینے اور دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
گزشتہ سال مصر کو سعودی غیر تیل کی برآمدات کا حجم 11 بلین ریال سے تجاوز کر گیا جبکہ درآمدات کا مجموعی حجم 10 بلین ریال تھا۔
مصر کو مملکت کی بنیادی برآمدات میں پیٹرو کیمیکل، تعمیراتی سامان اور ادویات شامل تھیں جب کہ اہم درآمدات میں خوراک کی مصنوعات، بھاری مشینری اور الیکٹرانکس شامل تھے۔

شیئر: