سعودی ایجنسی کے تحت 216 یمنی شہریوں کو مصنوعی اعضا کی فراہمی
مارب گورنریٹ میں یمنی شہریوں کو مختلف طبی خدمات فراہم کی گئی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اپریل میں جنگ کے دوران متاثر ہونے والے 216 شہریوں کو مصنوعی اعضا فراہم کیے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز نے یمن کے مارب گورنریٹ میں ان شہریوں کو مختلف طبی خدمات فراہم کیں جو اپنے اعضا کھو چکے تھے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سنیچر کو سوڈان کی ریاست گیزیرہ میں 549 سے زیادہ بے گھر خاندانوں میں 75 فوڈ پیکج تقسیم کرنے کا انتظام کیا۔ یہ امدادی سوڈان میں ایک بحری پل کے ذریعے پہنچائی گئی۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے امدادی سامان بھجوانے کے لیے سوڈان میں ایک بحری پل قائم کیا تھا۔
یہ امدد سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کے سعودی انیشیٹو کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔