Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے پہلا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل 'فتاح' متعارف کرا دیا

میزائل وسیع بیلسٹک میزائل ہتھیاروں میں ہے جسے کئی برسوں میں بنایا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
ایران نے منگل کے روز دعویٰ کیا ہے کہ آواز کی رفتار سے 15 گنا زیادہ تیز صلاحیت رکھنے والا ہائپرسونک بیلسٹک میزائل تیار کر لیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تہران کے جوہری پروگرام پر امریکہ کے ساتھ کشیدگی برقرار ہے جب کہ ایران کے خطرناک ہتھیاروں میں ایک نیا ہتھیار شامل ہو رہا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نئے میزائل (جس کا فارسی میں نام 'فتاح' یا 'فاتح' رکھا گیا ہے) کی نقاب کشائی خصوصی طور پر تیار کئے گئےعلاقے میں دکھائی گئی۔
اس موقع پر بظاہر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ تہران حکومت اب بھی مشرق وسطیٰ کے بیشتر حصوں میں اپنے دشمنوں کے خلاف ہتھیار نصب کر سکتی ہے۔
اس حوالے سے منعقد کئی گئی تقریب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم محسوس کر رہے ہیں کہ روک تھام کرنے والی طاقت بن چکے ہیں۔ یہ طاقت علاقائی ممالک کے لیے دیرپا سلامتی اور امن کا ستون ہے۔

ایسا کوئی نظام موجود نہیں جو اس میزائل کا مقابلہ کر سکے۔ فوٹو عرب نیوز

ایران میں پیرا ملٹری گارڈز کے ایرو سپیس پروگرام کے سربراہ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے اس میزائل کے ماڈل کی نقاب کشائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فاتح میزائل کی رینج 1400 کلومیٹر تک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مغربی پابندیاں ایران کو جدید ہتھیاروں تک رسائی سے بڑی حد تک روکتی ہیں تاہم یہ میزائل وسیع بیلسٹک میزائل ہتھیاروں میں سے ہے جسے کئی برسوں میں بنایا گیا ہے۔
حاجی زادہ نے  یہ دعویٰ  بھی کیا ہے کہ ایسا کوئی نظام موجود نہیں جو اس میزائل کا مقابلہ کر سکے۔

شیئر: