ایران نے خلا میں سٹیلائٹ لے جانے والا نیا راکٹ لانچ کر دیا
یہ راکٹ 80 کلوگرام کے سٹیلائٹ کو زمین سے 500 کلومیٹر اوپر مدار میں لے جائے گا (فوٹو: اے پی)
ایرانی پاسدران انقلاب نے خلا میں سٹیلائٹ لے جانے والا ایک نیا راکٹ لانچ کیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنیچر کو لانچ کیے جانے والے اس راکٹ کا نام ’گائم 100‘ ہے۔ تاہم ٹی وی پر اس کی فوٹیج نہیں دکھائی گئی۔
سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق یہ راکٹ 80 کلوگرام کے سٹیلائٹ کو زمین سے 500 کلومیٹر اوپر مدار میں لے جائے گا۔
پاسدران انقلاب کے ایرو سپیس ڈویژن کے کمانڈر جنرل عامر علی نے کہا کہ جلد ہی ’ناہید‘ نام کے ایک نئے سٹیلائٹ کو مدار میں بھیجا جائے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس کے ایٹمی پروگرام کی طرح اس کے سٹیلائٹ پروگرام کا مقصد بھی سائنسی تحقیق کے لیے ہے۔ تاہم امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کو اس پر شک ہے کیونکہ اسی ٹیکنالوجی سے دور تک مار کرنے والے میزائل بھی تیار کیے جا سکتے ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب ایران میں گزشتہ سات ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق سکیورٹی فورسز اب تک 300 افراد کو ہلاک کر چکی ہیں۔