Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خواتین ہرشعبے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، ڈاکٹرمیمونہ

معاشی سرگرمیوں میں سعودی خواتین کا حصہ  36 فیصد سےتجاوز کرگیا(فوٹو، ایس پی اے)
عائلی امور کونسل کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر میمونہ آل خلیل نے کہا ہے کہ سعودی حکومت ہر سطح پر خواتین کی شرکت کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر میمونہ جمعرات کو قاہرہ میں اسلامی تعاون تنظیم  کے ماتحت خواتین کی ترقی پر کام کرنے والی تنظیم کے دوسرے سیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ 
ڈاکٹر میمونہ نےمزید کہا کہ سعودی وژن  2030 نے ہر شعبے میں سعودی خواتین کی حیثیت مستحکم کرنے، تمام حقوق دلانے اور جملہ مواقع اور خدمات تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وژن  2030 نے خواتین کی ترقی کے حوالے سے خواب کو حقیقت میں تبدیل کردیا۔
سعودی خواتین نے ثابت کردیا کہ وہ مختلف شعبوں میں فیصلے کرنے اور تبدیلی کے عمل کی قیادت کے حوالے سے کامیاب ہیں۔ 
عائلی  امور کی سیکریٹری جنرل نے توجہ دلائی کہ   دنیا نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے سائنسی مشن پر سعودی خلا نورد خاتون ریانہ برناوی کو جاتے ہوئے دیکھا۔ یہ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین ہر شعبے میں اپنے آپ کو منوا رہی ہیں۔ 
ڈاکٹر میمونہ نے توجہ دلائی کہ اقتصادی و سماجی اصلاحات اور مختلف سہولتوں کے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ معاشی سرگرمیوں میں سعودی خواتین کا حصہ  36 فیصد سے زیادہ ہوچکا ہے۔ کاروباری اداروں میں سعودی خواتین 45 فیصد تک  ہیں۔ علاوہ ازیں اعلی اور درمیانے درجے کے عہدوں پر فائز ہونے والی خواتین  کی تعداد بڑھی ہے۔ لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین 42.3 فیصد سے زیادہ ہیں۔ 

شیئر: