Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب عالمی امن کے لیے جاری کوششوں کا حامی ہے: سعودی وزیر خارجہ

مملکت موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سلجھانے اور پائیدار ترقی کے لیے کوشاں ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی زیر صدارت عرب اور جزائر پیسفک کے ترقی پذیر چھوٹے ممالک کا وزارتی اجلاس پیر کو ریاض میں اجلاس ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’سعودی عرب مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور اہم مسائل  کے حل میں دلچسپی رکھتا ہے‘۔
سعودی عرب سپلائی چین میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے، موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سلجھانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے کوشاں ہے‘۔ 
سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ملکی اور بین الاقوامی معیشت میں پائیدار تبدیلیاں لانے کے چیلنج کو ترجیح دے رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے مشرق وسطی اور پوری دنیا کی دلچسپی کے حامل اقدامات متعارف کرا رہے ہیں‘۔ 

سعودی عرب جزائر پیسفک فورم آرگنائزیشن میں باقاعدہ شمولیت چاہتا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انشیٹو، ماحولیاتی تحفظ کے سعودی مشن کے تحت آغاز کیا ہے۔ یہ سعودی وژن 2030 سے مطابقت رکھتے ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب جزائر پیسفک ممالک کے ساتھ مشترکہ مفادات کے حصول کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ سیکیورٹی، توانائی،ِ تجارت، سرمایہ کاری اور لاجسٹک خدمات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے‘۔
علاوہ ازیں جزائر پیسفک ممالک اور اقوام کے مفادات کے حصول کے لیے مشترکہ مواقع کی تلاش میں پرائییوٹ سیکٹر کو وسیع کردار دینا چاہتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جزائر پیسفک فورم آرگنائزیشن میں باقاعدہ شریک ہونا چاہتا ہے۔ 

اجلاس میں سعودی وفد  میں نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی بھی شامل تھے ( فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب 2030 میں ریاض میں ایکسپو انٹرنیشنل نمائش کی میزبانی کے لیے کوشاں ہے۔ دوست ممالک کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہے۔ سعودی عرب کو یقین ہے کہ  ورلڈ ایکسپو سے اقوام عالم کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اقتصادی و سرمایہ کاری و سیاحتی پروگرام ابھر کر سامنے آئیں گے‘۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب عالمی امن کے تحفظ اور مشترکہ تعاون کے استحکام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کا حامی ہے‘۔ 
اجلاس میں سعودی وفد نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی، سیکریٹری خارجہ برائے عالمی امور ڈاکٹر عبدالرحمن الرسی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود نے بھی شرکت کی۔

شیئر: