سعودی عرب کاربن اخراج میں کمی یقینی بنانے کے لیے متوازن حل اپنا رہا ہے
سعودی عرب کاربن اخراج میں کمی یقینی بنانے کے لیے متوازن حل اپنا رہا ہے
بدھ 14 جون 2023 15:57
دنیا میں بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کاربن اخراج میں کمی کو توانائی کی تبدیلی کے ساتھ یکساں طور پر ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں مملکت کے مستقل نمائندے عبدالعزیز الواصل نے کہا ہے موجود تمام امید افزا حل کے لیے فنڈنگ کے ساتھ ہمیں توانائی کی کسی خاص قسم کو ترجیح دیے بغیر کاربن کے اخراج پر توجہ دینا ہو گی اور اس کے لیے ٹیکنالوجیزکے ساتھ مستحکم حل ہونا چاہئے۔
عبدالعزیز واصل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنے ترقیاتی منصوبوں کے مطابق کاربن اخراج کم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے متوازن انداز اپنا رہا ہے۔
یہ سپلائی چینز کو متاثر کیے بغیر اپنے معاشی تنوع کو فروغ دینے پر کام کر رہا ہے جبکہ مختلف ممالک کے ساتھ تعاون سے اخراج کو کم کرنے والی ٹیکنالوجیز تیار کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں ہونے والے یہ اجلاس متحدہ عرب امارات کی جانب سے بلایا گیا ہے، یو اے ای جون کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارے وقت کا ایک اہم چیلنج ہے۔
متحدہ عرب امارات نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے مضمرات پر بھی غور کریں۔
عبدالعزیز الواصل نے کہا ہے کہ خاص طور پر موجودہ دہائی میں مملکت موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں توقعات بڑھانے کی ضرورت سے پوری طرح آگاہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں کے لیے تعمیری حل کے لیے اجتماعی بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اس کا مقصد ایسے معاشروں کی حفاظت کرنا ہے جو شدید موسمی واقعات سے متاثر ہوتے ہیں، پائیدار ترقی کے اثرات پر غور کرتے ہیں اور اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹتے ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں