Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں محفوظ جنگل کی نگرانی کے لیے چالیس سے زیادہ ڈرونز

تقریب کے دوران ڈرونز کے ذریعے جنگل کی نگراں پروگرام کا اعلان کیا گیا( فوٹو عرب نیوز) 
سعودی عرب میں  امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچرل ریزرو کی نگرانی کے لیے چالیس سے زیادہ ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچرل ریزرو اتھارٹی کے سربراہ انجینیئر محمد الشعلان نے خصوصی تقریب کے دوران ڈرونز کے ذریعے جنگل کی نگراں پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ 
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ سو گھنٹے کے اندر دس ہزار کلو میٹر کے علاقے کی نگرانی کی جاسکے گی اس سے قبل  گشتی دستوں کے ذریعے نگرانی کرائی جارہی تھی۔ جنگل کی نگرانی کےلیے انہیں 320 گھنٹے سے زیادہ لگتے تھے۔ 
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچرل ریزرو اتھارٹی کا یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ اس کی بدولت چالیس سے زیادہ ڈرونز 91500 مربع کلو میٹر کے وسیع وعریض رقبے کی نگرانی آسانی سے کرسکیں گے۔ 
ڈرونز کے ذریعے جنگلی جانوروں کے رہن سہن کے طور طریقے معلوم  کیے جاسکیں گے۔ مختلف قسم کی جنگلی حیاتیات کی تصاویر حاصل کی جاسکیں گی۔ جنگلی حیاتیات کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ روکا جاسکے گا۔اس حوالے سے ریکارڈ پر آنے والی خلاف ورزیوں کا دائرہ محدود کیا جاسکے گا۔ 
سعودی عرب قدرتی حیاتیات کے تحفظ کی اہمیت کے پیش نظر محفوظ قومی جنگلات میں بڑی دلچسپی  لیتا ہے۔ سعودی عرب میں نایاب پودوں پر مشتمل کئی محفوط قومی جنگل ہیں۔
سعودی عرب ایسے جانوروں کے لیے محفوظ ماحول بھی قومی جنگلات میں فراہم کر رہا ہے جن کی نسل کے خاتمے کا خطرہ پایا جاتا ہے۔

شیئر: