Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون مملکت جانے والے سعودی شہریوں کےلیے کورونا ویکسینیشن کی شرط ختم

بیرون مملکت سفر کےلیے ویکسینیشن کی شرط سعودی شہریوں پربرقرار تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
  وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں پربیرون مملکت سفر کے لیے کورونا ویکسینیشن کی شرط ختم کردی۔ قبل ازین سعودی شہریوں کے لیے بیرون ملک سفر کےلیے ویکسینیشن کی شرط لازمی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اوربیرون ملک کورونا کے وبائی اثرات کے حوالے سے جاری رپورٹس کومدنظررکھتے ہوئے سعودی شہریوں کےلیے ویکسینیشن کی شرط ختم کی جارہی۔
قبل ازیں وزارت داخلہ کی جانب سے سعودی شہریوں کےلیے بیرون مملکت سفرکے لیے لازمی تھا کہ وہ ویکسین کی تینوں خوراکیں لے چکے ہوں جس کا سرٹیفیکٹ ’توکلنا‘ یا ’صحتی‘ ایپ پرپیش کرنا ضروری ہوتا تھا۔
دریں اثنا متعدی امراض کی مشیرڈاکٹرحورا البیت نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کوبیرون مملکت سفر کے لیے ویکسینیشن کی شرط ختم کیا جانا حوصلہ افزا امر ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ کورونا وبا کے خطرے کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وبائی مرض کے خاتمے کا اعلان کیا جاچکا تھا تاہم احتیاطی تقاضے کے تحت لازمی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی شرط مذکورہ وبا سے شہریوں کی حفاظت کے لیے تھی۔
وائرس کے حوالے سے ڈاکٹرحورا کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کا کورس مکمل کرنے کے بعد اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں 80 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے جوخوش آئند امرہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کے حوالے سے ویکسینیشن کی شرط بیرون مملکت جانے والے سعودی شہریوں کے لیے ہی لازمی تھی جبکہ بیرون مملکت جانے والے غیرملکیوں کےلیے کافی عرصہ قبل اسے ختم کیا جاچکا تھا۔

شیئر: