Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ میں توسیع 

یمن میں مسام پروجیکٹ جون 2018 میں شروع کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ مسام کی میعاد میں ایک سال کی توسیع کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایک سال کی توسیع پر 33 ملین 2لاکھ 92 ہزار ڈالر لاگت آئے گی۔ بارودی سرنگوں کی صفائی کا سلسلہ چھٹے سال میں بھی جاری رہے گا۔
یاد رہے یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی صفائی  کےلیے مسام پروجیکٹ جون 2018 میں شروع کیا گیا تھا۔ 
یمن کو بارودی سرنگوں سے نجات دلانے کے  لیے سعودی اور بین الاقوامی ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ 
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’ابھی تک یمن کو بارودی سرنگوں سے صاف نہیں کیا جاسکا۔ اسی لیے بارودی سرنگوں کی صفائی کے پروجیکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی ہے‘۔
بارودی سرنگیں پھٹنے سے نہتے شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ بعض زخمی مستقل بنیادوں پر معذور ہوگئے۔
جون 2018 سے اب تک یمن میں  404,333 بارودی سرنگیں اور دھماکہ خیز ڈیوائسز صاف کی گئی ہیں۔ 
علاوہ ازیں رواں سال جون کے دوسرے ہفتے میں مسام پروجیکٹ کے تحت دو ہزار 75 بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق 65 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 143 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، ایک ہزار844 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور 32 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا گیا ہے۔

شیئر: