مسام پروجیکٹ کے تحت یمن میں چار لاکھ بارودی سرنگیں صاف کرنے کا سنگ میل
46 ملین مربع فٹ اراضی کو بارودی سرنگوں سے صاف کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیوٹینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے مسام پروجیکٹ کے تحت یمن میں پانچ برس کے دوران چار لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں اور بغیر دھماکے والی ڈیوائسز صاف کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق مسام پروجیکٹ کے تحت ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام جاری ہے۔
یمن کے علاقوں مارب، لحج، الجوف، شبوہ، تعز،صعدہ، البضا اور الضالع میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اس پروجیکٹ کے تحت مقامی ڈیمائننگ انجینیئرز کی تربیت شامل ہے اور انہیں جدید آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ باردودی سرنگوں سے متاثرہ یمنی باشندوں کی مدد بھی کی جا رہی ہے۔
جون 2022 میں معاہدے کو مزید ایک سال کے لیے بڑھا گیا گیا ہے۔ اس کی مالیت 33.29 ملین ڈالر ہے۔
مسام پروجیکٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ’ یمن کے کئی علاقوں میں زندگی کو معمول پر لانے میں کردار ادا کیا ہے جہاں اب لوگ بارودی سرنگوں کے خطرات سے دور ایک محفوظ زندگی گزار سکتے ہیں۔ کئی معصوم لوگوں کی جانیں بھی بچائی گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مسام زندگی کا پروجیکٹ ہے، جدوجہد کا پرووجیکٹ ہے۔ جس کا مقصد یمن میں بارودی سرنگوں سے محفوظ زندگی کی بنیاد رکھنا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’یمن میں مسام پروجیکٹ کے تحت 46 ملین مربع فٹ سے زیادہ اراضی کو بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز ڈیوائسز سے صاف کیا گیا ہے‘۔