Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال تقریباً 20 لاکھ  افراد حج کریں گے: سعودی وزیر حج 

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ حجاج کی نقل وحرکت کو منظم رکھنے کےلیے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال تقریباً 20 لاکھ افراد حج ادا کریں گے۔  
اخبار 24 کے مطابق وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ جمعرات کی شب حج تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر حج نے کہا کہ سعودی عرب نے ضیوف الرحمن کی سہولت کے لیے کئی ارب ریال خرچ کیے ہیں۔ 
انہوں نے زور دیا کہ ’حج مقررہ مناسک ادا کرنے والا رکن ہے نہ کہ سیاسی نعرے بازیوں کا اکھاڑہ۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ وزارت نے حج مقامات پر حجاج کی آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے حج مشنوں اور معلمین کے ساتھ منظم منصوبہ بندی مرتب کی ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ حج پیکج کے نرخ 39 فیصد کم ہوئے ہیں، یہ اچھی بات ہے۔  تقریباً 14 لاکھ عازمین نے رعایتی حج پیکج سے فائدہ اٹھایا۔ مسابقت سے حج پیکج کے نرخوں میں کمی اور معیار میں بہتری پیدا ہوئی۔ 
سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکہ اور یورپی ممالک سے 58 ملکوں کے عازمین حج کو سات زبانوں میں مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے حج کارروائی نمٹانے کی سہولت فراہم کی گئی۔ 
انہوں نے بتایا کہ مکمل انشورنس کی لاگت 235 سے کم کر کے  88 ریال کر دی گئی ہے تاہم سروس اور کوریج میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ 

شیئر: