سعودی عرب کی فنانشل مارکیٹ جی 20 ممالک میں تیسرے نمبر پر آ گئی
اتھارٹی کے مطابق مملکت کا مقصد ایک ایڈوانس کیپٹل مارکیٹ قائم کرنا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سوئٹزرلینڈ میں قائم انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب کی فنانشل مارکیٹ اس سال جی 20 ممالک کے درمیان مسابقتی اشاریوں میں سات درجے ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
آئی ایم ڈی ورلڈ مسابقتی سالانہ کتاب برائے 2023 کے مطابق مملکت کی کارکردگی عالمی طریقوں کو نافذ کرنے کے لیے کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جی 20 ممالک میں کارپوریٹ بورڈز انڈیکس میں سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے جبکہ کیپٹل مارکیٹس، شیئر ہولڈرز کے حقوق اور وینچر کیپیٹل انڈیکس میں اس کا دوسرا نمبر رہا۔
ایئربک میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب سٹاک مارکیٹ کیپٹلائزیشن انڈیکس میں عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے جاپان، انڈیا، جرمنی، برطانیہ، چین اور امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔
مملکت 12 میں سے 9 انڈیکس رپورٹ میں حصہ لینے والی تمام عرب ممالک میں بھی سرفہرست ہے۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے دیگر کیپٹل مارکیٹ اداروں میں سیکیورٹیز ایکسچینجز، ڈپازٹری سینٹرز اور شریعہ گورننس کے ضوابط کی منظوری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
لسٹڈ جوائنٹ سٹاک کمپنیوں کے لیے کمپنیز لاء تیار کرنے میں کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے کردار نے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جس سے یہ اضافی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ہے۔
سعودی کیپٹل مارکیٹ نے 2022 میں ابتدائی عوامی پیش کشوں کی بھرمار ریکارڈ کی، جس میں 49 لسٹنگز اور 40 بلین ریال ایکویٹی کیپیٹل میں اضافہ ہوا جو کہ 2019 کو چھوڑ کر سعودی عربین آئل کمپنی کی لسٹ میں شامل ہونے کے بعد کسی ایک سال میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب کا مقصد ایک ایڈوانس کیپٹل مارکیٹ قائم کرنا ہے جو دنیا کے لیے کھلی ہو، مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کو راغب کرنے کے قابل ہو، اور معیشت کی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک موثر اور اہم کردار ادا کرے۔‘