Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج نے آج تینوں شیطانوں کوکنکریاں ماریں، کل سے واپسی شروع ہوگی

جمرات کے پل پرجانے کے لیے مختلف راستے مخصوص کیے گئے ہیں(فوٹو، اردونیوز)
حج 2023 کے آخری مراحل جاری ہیں۔ حجاج کرام نے آج بروز جمعرات تینوں شیطانوں کوکنکریاں ماریں اوراپنے خیموں میں لوٹ گئے جہاں انہوں نے دن کا باقی حصہ عبادت میں گزارا۔
کل بروز جمعہ 30 جون کی رمی کے بعد حجاج کرام غروب آفتاب سے قبل مشاعر مقدسہ سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
بہت کم تعداد میں حجاج جو منی میں رہ جائیں گے وہ چوتھے دن کی رمی کرنے کے بعد ہی بعد منی سے روانہ ہوں گے جس کے ساتھ ہی سال میں سات دن کے لیے آباد ہونے والی منی کی عارضی خیمہ بستی آئندہ برس تک کے لیے خالی ہوجائے گی۔
رمی کے لیےجمرات پل کی جانب جانے والے راستوں پرسکیورٹی کے بہترین انتظامات کی وجہ سے حجاج کرام کوکافی سہولت ہورہی ہے۔
جمعرات کو کی جانے والی رمی کے دوران معاملات کافی پرسکون رہے۔ حجاج وقفے وقفے سے جمرات کے پل کی مختلف منزلوں پرآتے اوررمی کرنے کے بعد لوٹ جاتے۔ رمی کے لیے حجاج کے مختلف گروپس تشکیل دیئے گئے تھے تاکہ وہ اپنے وقت کے مطابق رمی کرسکیں اوراضافی ازدحام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حجاج گروپس کی صورت میں جمرات پل پرپہنچے(فوٹو، اردونیوز )

منی میں اس وقت گرمی کافی زیادہ۔ موسمیات کے مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ اورمشاعر مقدسہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگریجبکہ کم سے کم 32 ڈگری رہے گا۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے حجاج کوبار بار متنبہ کیا جارہا ہے کہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کےلیے جمرات جاتے وقت چھتری کا لازمی استعمال کریں۔
کسی بھی ہنگامی حالت سےنمٹنے کے لیے منی میں وزارت صحت کی جانب سے اضافی طبی عملے کومتعین کیا گیا ہے جبکہ ڈسپینسریوں میں عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پرموجود رہتا ہے۔

کسی بھی ہنگامی حالت سے محفوط رہنے کے لیے احتیاطی تدابیراختیار کی گئیں(فوٹو، اردونیوز)

وزارت حج نے رمی کے حوالے سے حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کی جانے والی ہدایات پرسختی سے عمل کریں اوررمی کےلیے جمرات پل پرجانے کے لیے مخصوص راستہ ہی استعمال کریں ۔
 ازدحام سے بچیں اورزیادہ وقت اپنے خیموں میں گزاریں۔ وزارت حج کا مزید کہنا تھا کہ حجاج اپنے معلمین (حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے) کی جانب سے رمی کےلیے گروپس کی صورت میں جو وقت مقررکیا گیا ہے اس کی پابندی کریں ۔ گراؤنڈ میں موجود سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایت پرعمل کریں۔ راستوں میں بیٹھنے سے اجتناب برتیں۔

حجاج کے لیے رمی کے اوقات گروپس کے مطابق متعین کیے گئے ہیں(فوٹوْ، اردونیوز)

خیال رہے رمی کے پہلے روز جمرات پل پرکافی ازدحام ہوتا ہے حجاج کا خواہش ہوتی ہے کہ وہ جلد از جلد رمی مکمل کرکے احرام کھول دیں۔ اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کومختلف گروپس اورمختلف اوقات میں رمی کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

شیئر: