Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عارف علوی نے سیرت طیبہ کے بین الاقوامی میوزیم کا دورہ کیا

 عارف علوی نے عجائب گھر کے مختلف حصوں کا مشاہدہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے پیر کو مدینہ منورہ میں سیرت طیبہ اور اسلامی تمدن کے بین الاقوامی عجائب گھر کا دورہ کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق صدر پاکستان کا خیر مقدم میوزیم کے سربراہ شیخ ڈاکٹر ناصر الزھرانی نے کیا۔ 
 عارف علوی نے عجائب گھر کے مختلف حصوں کا مشاہدہ کیا۔ انہیں اس موقع پر ٹیکنالوجی شو بھی دکھائے گئے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تمدنی ماڈلز کا مشاہدہ بھی کرایا گیا۔
سیرت طیبہ اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف جمالیاتی پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا گیا۔  


پاکستان میں سیرت طیبہ عجائب گھر کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا ( فوٹو: ایس پی اے)

صدر پاکستان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ سے متعلق ایک فلم بھی دکھائی گئی۔ سیرت طیبہ پر دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی دو سو سے زیادہ کتابیں بھی دکھائی گئیں۔ 
یاد رہے کہ سیرت طیبہ اور اسلامی تمدن کا عجائب گھر مختلف مسلم ملکوں میں اپنی شاخیں کھولے گا۔ 
صدرعارف علوی نے سیرت طیبہ عجائب گھرکے حوالے سے  کہا کہ انہیں یہ سب دیکھ کر خوشی ہورہی ہے اور یہ بیان سے باہر ہے۔ 
عارف علوی نےعجائب گھر کے منتظمین خصوصا سعودی حکومت اور رابطہ عالم اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی کی جانب سے عجائب گھر کی ایک شاخ جلد پاکستان میں کھولے جانے کے فیصلے پر ممنونیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں سیرت طیبہ عجائب گھر کے سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا‘۔ 

شیئر: