یمن میں جون کے چوتھے ہفتے میں مزید 605 باررودی سرنگیں تباہ
جون میں صاف کی جانے والی باردوی سرنگوں کی تعداد چار ہزار 899 ہوگئی( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی منصوبے ’مسام‘ نے جون کے چوتھے ہفتے میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے نصب کی گئی 605 ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے تحت مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے125 اینٹی پرسنل بارودی سرنگوں، 67 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں اور 498 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز کو ناکارہ بنایا ہے۔
مسام پروجیکٹ کی ٹیم نے عدن گورنریٹ میں 51 اینٹی ٹینک اور 223 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز کو تباہ کیا۔ الضالع گورنریٹ کےعلاقے قعطبہ میں 13 اینٹی ٹینک بارودی سرنگں صاف کی گئی ہیں۔
لحج گورنریٹ کے المضاربہ علاقے میں 199 بغیر دھماکے والی ڈیوائسز کو ناکارہ بنایا گیا۔
اس سال جون میں یمن سے صاف کی جانے والی باردوی سرنگوں کی تعداد چار ہزار 899 ہوگئی ہے۔
سعودی پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک چار لاکھ پانچ ہزار818 بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے۔
مسام پروجیکٹ سعودی عرب کی جانب سے یمنی عوام کی مدد کےلیے شاہ سلمان کے حکم پر کیے جانے والے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔
حوثیوں کی جانب سے بچھائی گئی 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹر کے تحت مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔