2022 کے دوران امارات میں ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری
سرمایہ کاری 2021 کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ ’2022 کے دوران امارات نے ریکارڈ غیرملکی سرمایہ کاری کا ہدف حاصل کیا‘۔
’غیرملکیوں نے 84 ارب درہم کا سرمایہ لگایا جو 2021 کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ’ امارات کی تاریخ میں اتنا زیادہ بیرونی سرمایہ کبھی نہیں آیا۔ اس حوالے سے عالمی درجہ بندی میں 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ایک سال میں ہم نے چھ درجے کی ترقی کی ہے‘۔
اماراتی نائب صدر کا کہنا تھا کہ’ 2022 کے دوران دنیا بھر میں غیرملکی سرمایہ کاری میں بارہ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس تناظر میں سرمایہ کاری کی اہمیت بڑھ جاتی ہے‘۔
اقوام متحدہ کی تنظیم تجارت و ترقی نے 2023 میں بین الاقوامی سرمایہ کاری رپورٹ کے نتائج جاری کیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ’ پوری دنیا میں نئے منصوبوں کے لیے سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ حاصل کرنے والے ممالک میں امارات کا نمبر چوتھا ہے۔ 997 منصوبوں پر خارجی سرمایہ کاری ہوئی۔ امریکہ، برطانیہ اور انڈیا کے بعد امارات کا نمبر ہے‘۔