Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کی ٹکر سے سعودی نوجوان کی ہلاکت: ’موت کا یقین نہیں آ رہا تھا‘

 گاڑی کو ٹکر مارنے کا منظر ڈیش کیم میں محفوظ ہوگیا تھا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کےحائل ریجن میں ٹریفک حادثے میں سعودی نوجوان کی ہلاکت پر سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان سند کے بھائی حمدان الایدا نے بتایا کہ ’جب سوشل میڈیا پر ٹریفک  حادثے کی تفصیلات آئیں تو ہمیں اچھا نہیں لگا۔‘
’والدہ اور خاندان کے دیگر افراد کے جذبات کے پیش نظر تکلیف محسوس ہو رہی تھی تاہم تدفین کے بعد جب لوگوں کا شدید ردعمل دیکھا تو ہمیں صبر آ گیا۔‘
حمدان الایدا نے بتایا کہ ’ان کے بھائی کی عمر 35 سال تھی۔ حائل پولیس میں ملازم  تھے۔ عوام میں اپنی مقبولیت، محبت اور خیر پسندی کے حوالے سے بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ محبت اور انسانیت کا جو رشتہ انہوں نے لوگوں کے ساتھ بنایا تھا ہم اسے آگے بڑھائیں۔‘
سعودی نوجوان کے دوست منصور الشمری نے کہا کہ ’حادثہ رنگ روڈ کے عقدہ برج پر ہوا۔  میری آخری ملاقات فجر کی نماز میں ہوئی تھی۔ موت کی اطلاع پر یقین نہیں آ رہا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سند بزرگوں کے ساتھ  بہت زیادہ احترام کا معاملہ کرتے اور بچوں کو رضاکارانہ طور پر تحفیظ قرآن کی کلاسوں میں لے جایا کرتے تھے۔‘ 
علاوہ ازیں حائل پولیس نے کہا ہے کہ ویڈیو کلپ میں نظر آنے والے اس شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے تیز رفتار ڈرائیونگ کے دوران سعودی نوجوان کو ٹکر ماری تھی جس سے وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ 
یاد رہے کہ گاڑی کو ٹکر مارنے والے واقعے کے منظر پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار گاڑی نے سامنے آنے والی گاڑی کو ٹکر ماری جس سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔  گاڑی میں موجود نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
 گاڑی کو ٹکر مارنے کا منظر ڈیش کیم میں محفوظ ہو گیا تھا۔

شیئر: