Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمارٹ فون کے گرم ہونے کی وجوہات کیا ہیں؟

سمارٹ فون استعمال کرنے والے افراد کو اکثر و بیشتر جن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں سرفہرست فون کا گرم ہونا ہے۔
فون کے گرم ہونے کے متعدد اسباب ہیں اور یہ خطرے کا باعث بھی بنتا ہے خاص کر گرمیوں میں اس کی وجہ سے آگ لگنے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔
عام طور پر سمارٹ فون کے گرم ہونے کا سب سے بڑا سبب اس کا کثرت سے استعمال ہے۔ زیادہ استعمال کرنے سے فون کی بیٹری پراضافی دباؤ پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ موسم گرما میں دھوپ کی براہ راست تپش بھی فون کے گرم ہونے کا بڑا سبب ہے۔
اگر فون کا چارجنگ پورٹ یا سی پی یو خراب ہوجائے اس صورت میں بھی فون گرم ہو جاتا ہے۔
سمارٹ فون اگر مستقل بنیادوں پر گرم رہتا ہے تو اس کا قوی امکان ہوتا ہے کہ فون میں انسٹال ایپلی کیشنز میں بھی خلل پڑ جائے اور وہ خراب ہو سکتی ہیں۔ اس لیے اگرفون گرم رہنے لگے تو سب سے پہلے بیٹری کا جائزہ لیں، خاص طور پر اگر فون بیٹری کی جانب سے گرم ہو رہا ہو کیونکہ جدید لیتھیم آئن کی بیٹریاں کافی طاقتور ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ موسم گرما میں جلد گرم ہو جاتی ہیں۔

سمارٹ فون کے گرم ہونے کی اسباب:

دھوپ کی براہ راست تپش

سمارٹ فون کو براہ راست دھوپ میں رکھنے سے فون گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے، خواہ آپ نے کچھ ہی دیر کے لیے ہی فون کو دھوپ میں کیوں نہ رکھا ہو۔

ایک ہی وقت میں متعدد ایپلی کیشنز کے استعمال سے فون گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ (فوٹو: پکسابے)

سی پی یو پر اضافی دباؤ

کسی بھی سمارٹ فون کے سی پی یو کو اس کا مرکزی دماغ کہا جاتا ہے۔ یہ فون میں انسٹال ایپلی کیشنز کو آپریٹ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ فون کے تمام فنکشنز بھی سی پی یو کے ذریعے ہی آپریٹ ہوتے ہیں۔ اگر اس پر اضافی دباؤ پڑے تو اس کے سبب بھی فون گرم ہونے لگتا ہے۔
اگر ایک ہی وقت میں سی پی یو سے متعدد کام لیے جائیں تو اس پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، جیسے کہ ایک ہی وقت میں متعدد ایپلی کیشنز کے استعمال سے فون گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

بیٹری یا چارجنگ کیبل کی خرابی

عام طور پر فون کو چارج کرنے کے دوران وہ معمولی سا گرم ہوتا ہے، کیونکہ چارجنگ کا پروسیس کافی پیچیدہ ہوتا ہے۔ تاہم اگر فون مستقل طور پر یا معمول سے ہٹ کر زیادہ گرم ہو رہا ہے تو یہ تشویش کی بات ہو سکتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یا تو آپ کی بیٹری خراب ہے یا چارجنگ کیبل کا کوئی مسئلہ ہے۔ 

ضرورت سے زائد دباؤ

سمارٹ فون کا غیر ضروری اور کثرت سے استعمال اس پر دباؤ میں اضافہ کرنے کا باعث بنتا ہے جس کی وجہ سے وہ گرم ہونے لگتا ہے۔
اگرآپ کا فون مستقل بنیادوں پر گرم رہتا ہے تو اس صورت میں آپ کو چاہیے کہ سکرین کی برائٹ نیس کو کم کر دیں اور ایک ہی وقت میں زیادہ ایپلی کیشنز کا استعمال نہ کریں۔

زیادہ دیر کے لیے فون کا استعمال

اگرآپ زیادہ دیر کے لیے فون پر کوئی گیم وغیرہ کھیلتے ہیں تو ایسا کرنے سے آپ کے فون کا سی پی یو متاثر ہوتا ہے اور بیٹری بھی گرم ہو کر متاثر ہوتی ہے۔

عام طور پر فون کے گرم ہونے کا سب سے بڑا سبب اس کا کثرت سے استعمال ہے۔ (فوٹو: فری پک)

ایچ ڈی ویڈیوز دیکھنا

بعض لوگ سمارٹ فون پر طویل ایچ ڈی ویڈیوز یا یوٹیوب اور ٹک ٹاک کے پروگرام دیکھتے ہیں اور ان کا دورانیہ کافی زیادہ ہوتا ہے۔ اس صورت میں فون کی کارکردگی براہ راست شدید متاثر ہوتی ہے۔

فون میں وائرس کا آنا

سب سے زیادہ جس چیز سے فون کو نقصان پہنچتا ہے وہ اس میں وائرس کا آنا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے فون کا سی پی یو خراب ہو جاتا ہے اوراس کے اثرات فون کی بیٹری اور دیگر پارٹس پر مرتب ہوتے ہیں جس کے باعث وہ گرم ہونے لگتا ہے۔

شیئر: