Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’علی بابا‘ کا اے آئی چیٹ بوٹ جو ’ڈیپ سیک‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا

علی بابا کا کہنا ہے کہ ان کا اے آئی ڈیپ سیک سے بہتر ہے (فائل فوٹو: رائٹرز)
چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ’علی بابا‘ نے بدھ کو اپنا اے آئی ماڈل کوین 2.5 لانچ کیا ہے جس کے متعلق اس کا دعویٰ ہے کہ یہ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں تہلکہ مچا دینے والے ’ڈیپ سیک‘ کو بھی  پیچھے چھوڑ دے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق علی بابا کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین میں نئے قمری سال کے سلسلے میں عوام گھروں میں خاندان کے ساتھ وقت بیتا رہے ہیں۔
علی بابا کا اپنا اے آئی چیٹ بوٹ لانچ کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ’ڈیپ سیک‘ کے لانچ نے نہ صرف عالمی حریفوں کو سخت ٹکر دی ہے بلکہ چین میں مقامی طور پر بھی اس نے مقابلے کی فضا پیدا کر دی ہے۔
علی بابا کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ میں کی گئی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا اے آئی اے ماڈل چیٹ جی بی ٹی، ڈیپ سیک اور لاما سے بہتر اور جدید ہے۔
یاد رہے کہ 10 جنوری کو ڈیپ سیک کے اے آئی اسسٹنٹ کے لانچ اور پھر 20 جنوری کو اس کے آر 1 ماڈل کے لانچ نے سیلیکون ویلی اور مصنوعی ذہانت کی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔
لیکن اب یہ صورتحال دلچسپ ہو گی کہ ڈیپ سیک کو خود کو سب سے بہتر رکھنے کے لیے اپنے ہی گھر میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈیپ سیک کے لانچ کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں اچانک سے مندی کا رجحان دیکھنے کو ملا تھا۔ ڈیپ سیک کی لانچ کے بعد کئی امریکی سرمایہ کاروں کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا جبکہ کمپیوٹر چپس تیار کرنے والی کمپنی ’انویڈیا‘ کے حصص کی قدر میں کمی آئی تھی۔
ڈیپ سیک نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا چیٹ بوٹ ’اوپن اے آئی‘ کے چیٹ جی بی ٹی کو کئی سارے بینچ مارکس میں پیچھے چھوڑ رہا ہے۔

 

شیئر: