Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب خطے میں امن اور مضبوط تجارتی تعلقات کا خواہاں‘

شہزادہ فیصل بن فرحان نے گلف ریسرچ فورم میں شرکت کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو گلف ریسرچ فورم کے تیرہویں ایڈیشن میں شرکت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ورچوئل فورم کا اہتمام گلف ریسرچ سینٹر نے برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں کیا۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ’ خلیج کے عرب ممالک تعاون پر مبنی فورس کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ اپنے سٹراٹیجک محل وقوع، بنیادی وسائل و ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ خلیج کے عرب ممالک مشرق کو مغرب اور شمال کو جنوب سے جوڑنے کے لیے پل قائم کرنے میں لگے ہوئے ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ پہلی ترجیح ترقی اور خوشحالی کا ماحول سازگار بنانا ہے۔ یہ کام اپنے خطے کے اندر بھی کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی یہی طریقہ اپنایا ہے۔ خارجہ اور سیکیورٹی پالیسی کا اصل محرک یہی ہے‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے خطے کی تازہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب پرامن طریقے سے بحران حل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔
’سعودی عرب چاہتا ہے کہ خطے میں امن وامان کا ماحول مضبوط ہو اور تجارتی تعلقات مستحکم ہوں‘۔ 
فیصل بن فرحان نے کہا کہ’ جی سی سی ممالک کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ مشترکہ چیلنجوں سے مل کر نمٹا جائے۔ ایک خلیجی اکائی کے طور پر جی سی سی کے رکن ممالک ایک دوسرے کی کمی کو پورا کریں‘۔  

شیئر: