امارات فی کس آمدنی کے حوالے سے دنیا میں ساتویں نمبر پر
جمعرات 13 جولائی 2023 0:00
فی کس آمدنی کی بنیاد پر درجہ بندی کو جولائی میں سالانہ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے مجموعی قومی آمدنی میں فی کس کے حوالے سے دنیا بھر میں ساتویں نمبر پر ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اماراتی شہری فی کس آمدنی کے حوالے سے دنیا کے دس مالدار ممالک کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
ماہ رواں جولائی میں جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق امارات میں فی کس قومی آمدنی 87300 ڈالر ( 3 لاکھ 20 ہزار درہم) ہوگئی۔ اس سے پہلے فی کس آمدنی 76810 ڈالر (2 لاکھ 81 ہزار 900 درہم) تھی۔
فی کس آمدنی کے لیے موجودہ بین الاقوامی ڈالر میں قوت خرید کی بنیاد پر اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی ڈالر ایک مجازی کرنسی ہے جو مختلف ممالک کی قوت خرید کا موازنہ کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ امریکی ڈالر پر مبنی ہے لیکن اس میں ہر ملک میں مقامی کرنسی کی طرح ہی قوت خرید ہے۔
عالمی بینک کے مطابق امارات نے اٹلس طریقہ کار کی بنیاد پر فی کس سب سے زیادہ آمدنی والے ممالک کی فہرست میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ موجودہ امریکی ڈالر کی قیمتوں کو بھی استعمال کیا۔
عالمی بینک اٹلس طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے آمدنی کی بنیاد پر دنیا کی معیشتوں کو چار گروپوں میں تقسیم کرتا ہے، جو کم آمدنی، کم متوسط آمدنی ، زیادہ متوسط آمدنی اور زیادہ آمدنی ہیں۔
گزشتہ مالی سال سے فی کس آمدنی کی بنیاد پر درجہ بندی کو جولائی کے آغاز میں سالانہ اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
نئی درجہ بندی میں کم آمدنی والے ممالک کی فی کس آمدنی 1,135 امریکی ڈالر سے کم ہے۔ کم متوسط آمدنی والے ممالک کی فی کس آمدنی 1,136 سے 4،465 امریکی ڈالر، زیادہ متوسط آمدنی 4،466 سے 13،845 امریکی ڈالر تک جبکہ زیادہ آمدنی والے ممالک 13،845 امریکی ڈالر ہے۔