Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ارب ڈالر کی فراہمی، وزیراعظم شہباز شریف کا اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ

صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر نے کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے‘ (فائل فوٹو: اسلامی ترقیاتی بینک)
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
جمعرات کو وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
انہوں نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر اور اسلامی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے سٹینڈ بائی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی طرف سے ملنے والے ایک ارب ڈالر نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس مدد کے بغیر پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مشکل تھا۔ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی۔
وزیرِاعظم نے فرانس میں اپنی اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک کی خوش گوار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی یبنک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے صدر ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حال ہی میں قائم کردہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کے بارے آگاہ کیا جو خصوصی طور پر ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے قائم کی گئی ہے۔
صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے جس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

شیئر: