Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے سوڈان کے ہمسایہ ممالک کے سربراہی اجلاس کے نتائج کا خیر مقدم

خرطوم میں متحارب گروپوں میں لڑائی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے مصر کی میزبانی میں ہونے والے سوڈان کے ہمسایہ ملکوں کے سربراہی اجلاس کے تتائج کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارات خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب سربراہی اجلاس کے نتائج، سوڈان میں سلامتی اور استحکام کی بحالی، اس کی علاقائی سالمیت برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنانےکے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے‘۔
سوڈان کے سات ہمسایہ ممالک کے رہنماوں نے جمعرات کو قاہرہ میں مصر کی قیادت میں افریقی ملک میں جاری بحران کو حل کرنے کےلیے ایک نئے اقدام پر اتفاق کیا تھا۔
یاد رہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان لڑائی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔
شہر میں انٹرنیٹ سمیت رابطے کے دوسرے ذرائع منقطع ہوئے ہیں جبکہ انسانی حقوق کے اداروں نے صورت حال کی مزید خرابی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے خرطوم میں موجود سورس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہو گئی۔ جمعے کو پورے دن ہی شہر کے جنوبی حصے کے علاوہ آرمی ہیڈکوارٹر کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے رہے۔

شیئر: