Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج کن علاقوں میں بارش اور گرمی کہاں زیادہ ہوگی؟

مشرقی ریجن کے متعدد علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ آج بروز منگل مملکت کے مختلف علاقوں میں موسم نسبتا گرم جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار بھی چھایا رہے گا۔ کہیں کہیں ہلکی بارش کی بھی توقع ہے۔
سبق نیوز کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جازان ، عسیر اورمشرقی ریجن میں موسم گرم اورگرد آلود رہنے کا امکان ہے۔
مدینہ منورہ ریجن کے مختلف علاقے جن میں الرایس ، ینبع ، الحناکیہ ، المھد ،  خیبر اورمدینہ منورہ شہر میں رات 10 بجے تک وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلیں گی جبکہ شاہراہوں پرہوا کی وجہ سے گرد وغبار اور صحرائی علاقوں میں ریتلی آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
مکہ ریجن کے متعدد علاقے جن میں الجموم ، مکہ شہر ، الکامل ، بحرہ اورخلیص میں منگل کی شب 8 بجے تک تیز ہوائیں چلیں گے جس کی وجہ سے شاہراہوں پراڑنے والی دھول مٹی سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی مرکز کی جانب سے جازان کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پرہلکی جبکہ کہیں تیز بارش کی بھی توقع ہے۔

جازان ریجن میں مطلع ابرآلود رہے گا (فوٹو، ٹوئٹر)

عسیر ریجن میں بھی موسم آبرآلود رہے گا جس کا سلسلہ خمیس مشیط ، سراۃ عبیدہ ، ظھران الجنوب تک پھیلنے کا امکان ہے جبکہ البرک اورالقحمہ علاقے شام 7 بجے تک تیز ہوا اورگرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔
مشرقی ریجن میں موسم دیگر علاقوں کی نسبت سے زیادہ گرم رہے گا جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سے تجاوز کرجائے گا۔ ریجن کے جو علاقے گرمی کی زیادہ لپیٹ میں رہیں گے ان میں الجبیل ، الخبر ، دمام ، القطیف ، راس تنورہ ، الاحسا اوربقیق شامل ہیں جہاں شام 7 بجے کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

شیئر: