Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بحریہ کے بیڑے میں دو نئی جنگی جہاز شامل

بحری جہازوں میں جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں جو کثیر خطرات کے ماحول میں آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ (فوٹو: پاکستان بحریہ)
پاکستان بحریہ کے بیڑے میں دو نئے جنگی جہاز شامل ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس پی این ایس شاہجہاں اور ٹیپو سلطان کی شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تھے۔ کراچی ڈاکیارڈ آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وفاقی وزیر دفاع کا استقبال کیا۔
بحری جہازوں میں جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں جو کثیر خطرات کے ماحول میں آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان جہازوں کے بحری بیڑے میں شمولیت سے پاک بحریہ کی جنگی تیاری میں نمایاں اضافہ ہو گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے خطے کی جیو سٹریٹجک اور جیو اکنامک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ایک طاقتور نیول فورس کی ضرورت ہے اور ان جدید بحری جہازوں کی شمولیت سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔
خواجہ آصف نے پاکستان کے لیے بحری جہازوں کی بروقت تعمیر اور ترسیل پر ہوڈونگ ژونگھوا شپ یارڈ چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔
قبل چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے استقبالیہ خطاب کے دوران جدید بحری جہازوں کی پی این فلیٹ میں شمولیت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے پاک بحریہ کو جدید بحری فوج بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی حمایت کو سراہا۔
تقریب میں پاکستان کے سول، عسکری اور حکومتی نمائندوں سمیت چین کے ہوڈونگ ژونگھوا شپ یارڈ کے حکام نے شرکت کی۔

شیئر: