Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سپیشل فورسز کی ٹیم پاکستان بحریہ کی پانچ روزہ مشقوں میں شرکت

’امن۔23‘ کے عنوان سے ہونے والی ان کثیر القومی فوجی مشقوں کی قیادت پاکستان کر رہا ہے (فوٹو: پاکستان بحریہ)
سعودی عرب کی سپیشل فورسز کی ایک ٹیم رواں ہفتے بحیرۂ عرب میں ہونے والی کثیر القومی فوجی مشقوں میں شرکت کرے گی۔
پاکستان بحریہ کے ایک آفیسر کے مطابق ’امن۔23‘ کے عنوان سے ہونے والی ان کثیر القومی فوجی مشقوں کی قیادت پاکستان کر رہا ہے اور یہ پانچ دن تک جاری رہیں گی۔
امن۔23 مشقوں کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز جمعے کو ہو گا جس میں بحری جہاز، ایئر کرافٹس کے ساتھ سپیشل آپریشن فورسز اور بحریہ کی ای او ڈی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
پاکستانی فلیٹ کے کمانڈر اویس احمد بلگرامی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’اس سال سعودی عرب کی سپیشل آپریشن فورسز کی ٹیم بھی مشقوں میں شرکت کر رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کویت اور عمان کی ٹیمیں بھی مشقوں میں شریک ہوں گی۔‘
پاکستان بحریہ کے بیان کے مطابق پاک بحریہ کے زیرِ انتظام 2007 سے کثیرالقومی بحری مشق امن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ مشق ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’آٹھویں امن مشق کا انعقاد 10 سے 14 فروری تک کیا جا رہا ہے جس میں 50 سے زائد ممالک اپنے بحری اور فضائی جہازوں، سپیشل آپریشن فورسز/ میرینز کی ٹیموں اور مندوبین کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔‘
’کمانڈر پاکستان فلیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مشق کا بنیادی مقصد تمام شریک ممالک کو ایک دوسرے کے بحری تصورات، مشترکہ آپریشنز اور سمندر میں درپیش چیلینجز سے نمٹنے کے طریقے اور ذرائع سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔‘
’یہ موقع بحری ممالک کے مابین امن ، دوستی، بہتر سیکیورٹی اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘

 

شیئر: