Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواجہ صاحب پارلیمنٹ کے بار بار رکن بنے لیکن خواتین کی عزت کرنا کبھی نہ آئی‘

خواجہ آصف کے بیان پر پی ٹی آئی کی سینیٹرز نے احتجاج کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی وجہ ان کی پارلیمنٹ میں کی جانے والی تقریر ہے جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کی اور پارٹی سے منسلک خواتین سینیٹرز کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے۔
منگل کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور خواتین سینیٹر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’یہ کوڑا کرکٹ ہے جسے ہمیں صاف کرنا پڑے گا۔‘
پارلیمنٹ میں خواجہ آصف کے نازیبا الفاظ پر پی ٹی آئی کی خواتین سینیٹرز نے احتجاج کیا جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر دفاع کے الفاظ کو اسمبلی کی کارروائی سے حذف کرنے کا اعلان کیا۔
خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کے ’جس شخص کا دفاع خواتین کریں اس شخص کی جرات و بہادری کیا ہوگی۔‘
پاکستانی وزیر دفاع اپنی متنازع تقریر کے بعد سوشل میڈیا پر بھی حدف تنقید بنے ہوئے ہیں۔
اینکرپرسن ابصا کومل نے لکھا کہ ’ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ خواجہ آصف نے خواتین سیاستدانوں کے خلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کیے ہوں وہ بھی پارلیمنٹ کے فلور پر کھڑے ہو کر۔‘

مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ ’یہ بیان وہ شخص دے رہا ہے جس کی اپنی جماعت کی صدارت خاتون کرتی ہیں۔ خواجہ صاحب سیاسی خواتین کی بے عزتی کرنا آپ اپنا مشغلہ کیوں سمجھتے ہیں؟‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’خواتین کو کمزور سمجھنا چھوڑ دیں اور اپنا بیان واپس لیں۔‘
طارق لودھی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں خواجہ صاحب، آخرت میں بھی آپ کو ماں کے نام سے اٹھایا جائے گا اور ماں کے پیروں کے ہی تلے جنت ہے۔‘
انہوں نے وزیر دفاع سے درخواست کی کہ وہ خواتین کے خلاف کی گئی اپنی تقریر پر معذرت کریں۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران ان کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں نوید قمر اور شیری رحمان کو بھی بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فخر الرحمان نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پی پی پی کے رہنماؤں نے خواجہ آصف کے بیان کی مذمت کرنے کی زحمت بھی نہ کی۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’کہنے کو 50 سال سے زیادہ سیاست اور پارلیمنٹ کے بار بار ممبر رہے ہیں مگر اسی پارلیمنٹ میں موجود خواتین کی عزت کرنا کبھی نہ آئی۔‘
خیال رہے ماضی میں بھی خواجہ آصف اپنے ایسے ہی بیانات کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہے ہیں اور اپنے ایک ایسے ہی بیان میں انہوں نے پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کے لیے بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

شیئر: