Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی فنکاروں کی اردن کے جرش فیسٹیول میں شمولیت

اس تہوار میں مملکت کی شرکت وزارت ثقافت کی کوششوں کی عکاسی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
اردن میں ہونے والے جرش فیسٹیول آف کلچر اینڈ آرٹس 2023 میں سعودی اداکار، موسیقار، فوٹوگرافر اور ثقافتی ورثہ کے ماہرین فنون و ثقافتی روایات کی نمائش کریں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس فیسٹیول کا آغاز 26 جولائی سے ہوا ہے جو 5 اگست تک جاری رہے گا۔

ہر سال عرب دنیا سے مختلف ثقافتی فنکار قدیم شہر جرش پہنچتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کی خواتین کے تین گروپ 27 سے 30 جولائی تک اس جرش فیسٹیول میں پرفارم کریں گے۔
ماہرین فنون مملکت میں پرفارمنگ آرٹس کی عکاسی کرتے ہوئے آرکسٹرا کے ساتھ مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام پیش کریں گے۔
سعودی ثقافتی ورثہ اتھارٹی عربی شاعری کے سال کے حوالے سے عرب شاعری سے متعلق آثار قدیمہ کے حوالے سے پریزنٹیشن دے گی۔

مملکت اور اردن کے اشتراک سے  دستکاری کے نمونے پیش کئے جائیں گے۔ فوٹو ٹوئٹر

اردن فیسٹیول میں نادر تصاویر کی نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں سعودی عرب میں یونیسیکو کی فہرست میں عالمی ثقافتی ورثے کی مقامات پر روشنی ڈالی جائے گی۔
سعودی عرب اور اردن کے اشتراک سے تیار شدہ دستکاری کے نمونے اور روایات کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔
ثقافتی رنگوں سے مزین خاص انداز سے تیار کئے گئے السدو کپڑے کے علاوہ لکڑی کا کام،مٹی کے برتن اور ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے والے مختلف علاقائی لباس پیش کئے جائیں گے۔

میوزک اتھارٹی کی جانب سے سعودی گلوکار خالد عبدالرحمان کا کنسرٹ ہو گا۔ فوٹو جورڈن ٹائمز

اس موقع پر میوزک اتھارٹی کی جانب سے 30 جولائی کو سعودی گلوکار خالد عبدالرحمان کا کنسرٹ ہو گا جس میں وہ اپنے چند مشہور نغمے پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ 1981 سے جاری اس روایتی عرب فیسٹیول میں حصہ لینے کے لیے ہر سال عرب دنیا سے مختلف ثقافتی فنکار اور ماہرین اردن کے قدیم شہر جرش پہنچتے ہیں۔
اردن میں جاری اس تہوار میں مملکت کی شرکت علاقائی اور بین الاقوامی تقریبات میں سعودی ثقافت کو پروان چڑھانے اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے وزارت ثقافت کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ثقافتی فنکاروں کا یہ دورہ سعودی وژن 2030 کے تناظر میں قومی ترقی  کے فروغ کے ایجنڈے کے تحت مقرر کئے گئے اہداف میں سے ایک ہے۔
 

شیئر: