سعودی ولی عہد نے مھد سپورٹس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تقرر کردیا
مھد سپورٹس اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ پندرہ جون 2021 کو کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مھد سپورٹس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد کی منظوری میں یہ بات شامل ہے کہ وزارت خزانہ اور وزارت تعلیم کے نمائندے اکیڈمی کے بورڈ آف اڈائریکٹرز میں شامل ہوں گے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شہزادی ریما بنت بندر، عبدالعزیز احمد باعشن، ڈاکٹر مھا بنت احمد الجفالی، جوزیہ مورینیو، ایوان لوبیسکو تین سال کے لیے ممبر تعینات کیے گئے ہیں۔
سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے جو مھد سپورٹس اکیڈمی کے چیئرمین بھی ہیں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے سپورٹس کے شعبے کو تقویت ملے گی‘۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ’بورڈ آف ڈائریکٹرز مختلف کھیلوں کے لیے باصلاحیت نوجوانوں کی دریافت کے ساتھ بین الاقوامی اور علاقائی ٹورنامنٹس میں سعودی عرب کی نمائندگی کے لیے کھلاڑیوں کی نئی نسل تیار کرنے کے لیے کوششیں کرے گا‘۔
یاد رہے کہ مھد سپورٹس اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ پندرہ جون 2021 کو کیا گیا تھا۔