Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ

حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 19.95 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 19.90 روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک مختصر ویڈیو پیغام کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 272.95 جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی 273.40 ہو گی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پچھلے پندرہ دنوں میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں اوپر گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے معاہدہ کیا ہوا ہے اور پچھلی حکومت میں بھی یہی مسئلہ ہوا تھا کہ جاتے جاتے انہوں نے انٹرنیشنل وعدوں کو پورا نہیں کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے یہی ضروری تھا کہ قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ 16 جولائی کو عالمی منڈی میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 96.26 ڈالر فی بیرل تھی جو اضافے کے بعد 31 جولائی کو 111.46 ڈالر ہو گئی۔ اس طرح سے 16 جولائی کو پیٹرول کی قیمت 89.14 ڈالر سے بڑھ کر 31 جولائی کو 97.39 ڈالر ہو گئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کی پوری خواہش تھی کہ عوام کو ریلیف دیں لیکن عالمی قیمتیں حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔

شیئر: