برطانوی شہریوں کے لیے سعودی عرب کی نئی الیکٹرانک ویزا سہولت
سعودیوں کے لیے برطانوی الیکٹرانک ویزا سکیم گزشتہ سال متعارف کی گئی تھی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز بدھ کو اعلان کیا ہے کہ برطانوی شہریوں کو نئے الیکٹرانک ویزا ویور(ای وی ڈبلیو) سسٹم کے تحت مملکت میں سنگل انٹری ویزا کی سہولت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کی اس نئی سکیم میں برطانوی شہریوں کو سیاحت، کاروبار، مطالعہ یا طبی علاج کے لیے مملکت میں داخل ہونے اور 6 ماہ تک رہنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے مزید وضاحت کی گئی ہے کہ برطانوی شہری اپنے سفر سے قبل وزارت خارجہ کے ویزا پورٹل visa.mofa.gov.sa پر روانگی سے 48 گھنٹے قبل بھی درخواست دے سکتے ہیں تاہم مملکت میں داخلے کے لیے ویزہ 90 دن کارآمد ہوگا۔
برطانوی شہریوں کی جانب سے ویزے کے لیے دی گئی درخواست کو 24 گھنٹے کے اندر منظور کر کے واپس ای میل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی شہریوں کے لیے برطانیہ کی جانب سے الیکٹرانک ویزا کی سکیم گزشتہ سال ریاض میں متعارف کرائی گئی تھی۔