Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ سے فرنچائز کوچنگ تک، سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید 51 برس کے ہو گئے

سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر 185 میچز کھیلے ہیں (فوٹو: کرک انفو)
پاکستان کے سابق کرکٹر عاقب جاوید آج اپنی 51ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ عاقب جاوید کا شمار دنیا کے اُن کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کے علاوہ بطور فرنچائز کرکٹ کوچ خوب شہرت حاصل کی ہے۔
اگر عاقب جاوید کے کیریئر کی بات کی جائے تو انہوں نے 1988 میں ایڈیلیڈ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔ اگلے ہی برس یعنی 1989 میں ویلنگٹن میں عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا بھی آغاز کر دیا۔
سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر 185 میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 236 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
جب انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تو اُن کی عمر 16 برس تھی جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے تیسرے نو عمر کھلاڑی بن گئے۔ صرف یہی نہیں، دنیائے کرکٹ میں وہ ون ڈے فارمیٹ میں ہیٹرک کرنے والے سب سے نو عمر بولر ہونے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے 25 اکتوبر 1991 کو انڈیا کے خلاف ون ڈے میچ میں ہیٹرک کی۔ اس وقت اُن کی عمر 19 سال اور 81 دن تھی۔
انہوں ںے قومی ٹیم کی جانب سے 22 ٹیسٹ میچز میں 54 جبکہ 163 ون ڈے میچوں میں 182 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں بھی شامل تھے۔

عاقب جاوید نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ 12 برس کی عمر میں کھیلا تھا۔
انہوں نے کوچنگ کیریئر میں بھی خوب کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ سنہ 2004 میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں چیمپیئن بننے والی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید تھے۔

لاہور قلندرز نے عاقب جاوید کی کوچنگ میں 2022 اور 2023 کی ٹرافی اپنے نام کی ہے۔ (فوٹو: لاہور قلندرز)

پانچ اگست 1972 کو صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں پیدا ہونے والے عاقب جاوید پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے 2012 سے 2016 تک یو اے ای کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی۔
سابق فاسٹ بولر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کی کوچنگ بھی کی ہے۔
 وہ 2016 میں پی ایس ایل کے اولین ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز اور بولنگ کنسلٹنٹ بنے جبکہ 2017 میں انہیں فرنچائز کا ہیڈ کوچ بنایا گیا۔
لاہور قلندرز نے اُن کی کوچنگ میں 2022 اور 2023 میں مسلسل ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو کامیاب کرنے میں بھی عاقب جاوید کا بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، دلبر حسین، زمان خان سمیت کئی کھلاڑیوں کو بنایا ہے جو پروفیشنل کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
عاقب جاوید کی شادی 1998 میں فرزانہ برکی (فرزانہ عاقب) سے ہوئی جس کے بعد اُن کے ہاں بیٹی عقبا کی پیدائش ہوئی۔ اُن کی اہلیہ شاعرہ، لکھاری اور صحافی ہیں۔

شیئر: