بحیرہ احمر میں نیوی گیشن کے لیے سات نئے ضوابط کیا ہیں؟
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نومبر 2021 میں قائم کی گئی تھی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے نیوی گیشن کے لیے سات نئے ضوابط جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جو 90 دنوں میں نافذ العمل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق ان ضوابط میں یاٹ، کروز بحری جہاز، میریناس اور ساحلی سیاحت شامل ہیں۔
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’بحری اداروں کے تعاون سے تیار کیے گئے یہ ضابطے ریڈ سی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ساحلی سیاحت کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے اتھارٹی کے مینڈیٹ کے مطابق ہیں۔‘
سعودی ریڈ سی اتھارٹی کے قائم مقام سی ای او محمد العسیری نے کہا ہے کہ ’اتھارٹی کی جانب سے بحری سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے وضع کردہ سات نئے ضوابط مملکت میں کروز شپ اور یاٹ کی نیوی گیشن سرگرمیوں کو آسان بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اتھارٹی نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ضوابط جامع اور تمام ضروریات اور مقاصد کو پورا کرتے ہیں۔‘
محمد العسیری نے کہا کہ ’سعودی ریڈ سی اتھارٹی ضوابط کا جائزہ اور اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے۔ ہم ریڈ سی کے آپریٹرز اور پریکٹیشنرز کے لیے مزید فوائد کی توقع کر سکتے ہیں۔‘
سات نئے ضوابط سعودی ریڈ سی اتھارٹی کی بحری سرگرمیوں کو منظم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں فعال کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔
اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ریڈ سی کے بحری ماحولیاتی نظام میں شراکت داروں کے ساتھ سعودی ریڈ سی اتھارٹی کا تعاون اور انضمام ان ضوابط کے لیے سٹیک ہولڈر کی معلومات کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سعودی ریڈ سی اتھارٹی اور اس کے سٹیک ہولڈرز ریڈ سی میں ساحلی سیاحت کی اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے ماحول کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔‘
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نومبر 2021 میں کابینہ کے ایک فیصلے کے بعد قائم کی گئی تھی۔
اس کی ذمہ داریوں میں کروز بحری جہازوں اور یاٹ کے لیے بحری سرگرمیوں کو منظم کرنا، سمندری سیاحت اور تفریح کو فعال کرنے کے علاوہ دیگر ضروری انیشیٹوز کے ذریعے ان سرگرمیوں کے اندر ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔