Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں آئندہ ہفتے موسم کیسا رہے گا؟

ریاض شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ (فوٹو اخبار چوبیس)
موسمیات کے قومی مرکز نے سنیچر سے منگل تک مملکت مختلف علاقوں میں تیز اور درمیانے درجے کی بارش اور درجہ حرارت  میں کمی کی توقعات ظاہر کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق قومی مرکز کے ترجمان حسین  القحطانی نے کہا کہ سنیچر سے  منگل تک درمیانے اور تیز بارشوں کا نیا سلسلہ مملکت کے کئی علاقوں میں رہے گا۔
القحطانی نے مزید کہا کہ اس میں مملکت کے شمالی، وسطی، جنوبی اور مشرقی علاقے شامل ہیں۔
قومی مرکز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، حائل، حدود شمالیہ، الشرقیہ، الباحہ اور عسیر میں تیز ہواؤں اور درمیانے سے شدید بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق ریاض کے متعدد علاقوں میں درمیانے سے تیز بارش اور ریاض شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق نجران کے مختلف علاقوں اور الشرقیہ اور الجوف کے کچھ شہروں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ دسمبر کے شروع میں موسم سرما شروع ہوجائے گا اور خاص طور پر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہونا شروع ہوگی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: