انڈیا اور پاکستان کے میچ پر نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم کب ریلیز ہوگی؟
انڈیا اور پاکستان کے میچ پر نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم کب ریلیز ہوگی؟
منگل 14 جنوری 2025 20:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دستاویزی فلم میں انڈیا اور پاکستان کے میچز کو تاریخی تناظر میں پیش کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ وہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ پر بنائی گئی دستاویزی فلم سات فروری کو ریلیز کرے گا۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان کوئی بھی کھیل ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے لیکن جب بات کرکٹ کی ہو تو پھر دونوں ممالک کی عوام کا جوش دیدنی ہوتا ہے۔
انڈیا اور پاکستان کا میچ نہ صرف ان دو ممالک کے عوام کے لیے بلکہ عالمی طور پر کرکٹ فینز کی دلچسپی کا باعث ہوتا ہے۔
کچھ اندازوں کے مطابق انڈیا اور پاکستان کے میچ کو دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔
نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی آنے والی سپورٹس دستاویزی فلم ’دی گریٹیسٹ رائیولری: انڈیا ورسز پاکستان‘ سات فروری کو ریلیز کرے گا۔
دستاویزی فلم کے پوسٹر میں سابق انڈین بیٹسمین سچن تندولکر اور ویرندر سہواگ کرکٹ پچ کی طرف جاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایک ساتھ جمع ہوئے ہیں۔
اس دستاویزی فلم میں دونوں ملکوں کی کرکٹ کی تاریخ کو انتہائی دلچسپ پیرائے میں سکرین پر پیش کیا جائے گا۔
شائقین کرکٹ اس فلم میں دونوں ممالک کے سینئر کھلاڑیوں جاوید میاں داد، انضمام الحق، وقار یونس، شعیب اختر، سنیل گواسکر، سارو گنگولی، وریندر سہواگ، روی چندر ایشون کے انٹرویوز دیکھیں گے جو جذبات بھڑکاتے ان مقابلوں میں اپنی شرکت کے تجربات شائقین سے شیئر کریں گے۔
اس دستاویزی فلم کو ’گرے میٹر انٹرٹینمنٹ‘ نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کے ہدایت کار چندرادیو بھاگت اور سٹیورٹ سگ ہیں۔
اس میں پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ کے علاوہ دونوں ممالک کی روایت اور ثقافت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔