ہانگژو ۔۔۔۔۔آپ کو شاید اس بات پر حیرت ہو مگر ایک مقامی شخص نے اپنی قیمتی انگوٹھی دوران پرواز طیارے کے ٹوائلٹ میں گرادی۔ کہا جاتا ہے کہ مسٹر شین ہانگژو جانے والی پرواز پر سوار تھے اور فارغ ہونے کے لئے طیارے کے ٹوائلٹ میں گئے اور غالباً انہوں نے ہاتھ میں صابن کچھ زیاد ہ ہی لگالیا جس سے انکی انگلی چکنی ہوگئی اور 2قیراط ہیرے کی انگوٹھی طیارے کے ٹوائلٹ میں گر کر فلش کے ساتھ بہہ گئی۔اس اچانک او رناگہانی واقعہ نے مسٹر شین کو بالکل گم صم کردیا۔ انکی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ کیا کریں اور نہ کریں۔ طیارے کی لینڈنگ کے بعد فضائی کمپنی والوں نے ٹوائلٹ بکس کی صفائی کروائی تو اس میں سے حیرت انگیز طور پر یہ قیمتی انگوٹھی برآمد ہوئی۔ تاہم اس کوشش میں کئی گھنٹے صرف ہوئے۔ واضح ہو کہ طیارے کے ٹوائلٹ وغیرہ میں استعمال شدہ پانی طیارے کے اندر ایک ٹینک میں ہی محفوظ رہتا ہے اور لینڈنگ کے بعد اسے نکال کر صاف کیا جاتا ہے۔ لوگوں کا کہناہے کہ استعمال شدہ پانی کو زمین پر پھیلا دیا گیا اور بڑی تگ و دو کے بعد یہ انگوٹھی مل گئی۔ شاید اس میں ہیرا لگنے کی وجہ سے یہ چمک رہی تھی اورلوگو ںکی نظر میں آگئی۔