سپرسٹار کی زندگی جینے والی سری دیوی جن کی موت معمہ بن گئی
سپرسٹار کی زندگی جینے والی سری دیوی جن کی موت معمہ بن گئی
اتوار 13 اگست 2023 12:23
فرانزک رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوب کر ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وُڈ کی سپر سٹار سری دیوی اگر زندہ ہوتیں تو آج اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکبادیں وصول کر رہی ہوتیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سری دیوی کا اصلی نام شری اما یانگڑ ایاپر تھا جو ریاست تمل ناڈو میں 13 اگست 1963 کو پیدا ہوئیں۔
سری دیوی نے اپنی اداکاری کے شاندار سفر کا آغاز چار برس کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا تھا۔ اپنے 50 سالہ کیریئر میں انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور کروڑوں لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کی۔
سپر سٹار کا شمار انڈیا کے اُن چیدہ چیدہ فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہندی فلموں سمیت تمل، تیلگو اور ملیالم فلموں میں بھی عروج کا سٹارڈم حاصل کیا۔
سری دیوی جب اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر پہنچیں تو انڈین پریس نے انہیں ’خاتون امیتابھ بچن‘ کا ٹائٹل دیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں بالی وُڈ کی پہلی خاتون سپرسٹار ہونے کا بھی اعزاز ملا۔
کہا جاتا ہے کہ ہالی وُڈ کے عظیم ہدایتکار ’سٹیو سپیل برگ‘ نے سری دیوی کو مشہور فلم ’جراسک پارک‘ میں بھی کام کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم اداکارہ نے یہ کہہ کر منع کر دیا تھا کہ وہ اس فلم میں اپنے سٹارڈم کے باعث کام نہیں کر سکتیں۔
اگر سری دیوی کے فلمی کیریئر کی بات کی جائے تو ان کی پہلی فلم ’کندَن کارُونائی‘ نامی تمل تھی جس میں انہوں نے بطور چائلڈ سٹار کام کیا تھا اور آخری فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’موم‘ تھی۔
سری دیوی نے اپنے کیریئر میں ’چال باز‘، ’صدمہ‘ اور ’اِنگلش وِنگلش‘ جیسی لازوال فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے خوب جوہر دکھائے۔
جب ایک مرتبہ سری دیوی سے فلم انڈسٹری میں اُن کے حریفوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میرے حریف کہاں ہے؟ حریف وہ ہو سکتے ہیں جو مقابلے میں برابر ہوں۔ میری حریف ابھی صرف سری دیوی ہے (یعنی میرا مقابلہ خود سے ہے)۔ میں صرف اُسے ہرانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ میرا اُس سے جنون کی حد تک مقابلہ ہے۔‘
سری دیوی کی وفات کب اور کہاں ہوئی؟
لیجنڈری اداکارہ 20 فروری 2018 کو اپنی سب سے چھوٹی بیٹی خوشی کے ساتھ اپنے بھتیجے موہت مروہ کی شادی میں شرکت کے لیے امارات گئیں تھیں۔ شادی کے بعد اُنہوں نے اپنی بیٹی جھانوی کپور کی سالگرہ کے لیے شاپنگ کی غرض سے کچھ روز مزید دبئی میں رکنے کا فیصلہ کیا۔
اس سفر میں ان کے شوہر بونی کپور ساتھ موجود نہیں تھے تاہم بونی کپور نے 24 فروری کو اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینے کا سوچتے ہوئے دبئی جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
بونی کپور کے مطابق وہ دبئی کے جُمیرا ایمیریٹس ٹاورز ہوٹل کے کمرہ نمبر 2201 پہنچے جہاں اُن کی اہلیہ رہائش پذیر تھیں۔ انہوں نے وہاں 30 منٹ ملاقات کی اور پھر ڈِنر کرنے کے لیے تیار ہونے لگے۔
ڈِنر کے لیے تیاری کے سلسلے میں سری دیوی باتھ رُوم نہانے گئیں اور پھر وہیں باتھ ٹب میں دم توڑ گئیں۔
سری دیوی کی موت کی خبر انڈٰین میڈیا کو سب سے پہلے اُن کے دیور سنجے کپور نے یہ کہہ کر دی تھی کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔ اس کے بعد یہ کیس دبئی پولیس نے دبئی پبلک پراسیکیوشن کو بھیجا جہاں فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوب کر ہوئی ہے۔
فرانزک رپورٹ کے بعد آنے والی ایک اور رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ ان کے خون میں شراب کا عنصر موجود تھا اور پھیپھڑوں میں پانی جمع ہو گیا تھا۔
اداکارہ کی موت کے تین روز بعد یعنی 27 فروری 2018 کو پولیس نے کیس بند کر دیا اور اُسی روز ان کی لعش کو دبئی سے خصوصی نجی طیارے کے ذریعے ممبئی واپس پہنچایا گیا۔
سری دیوی کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں جہاں بالی وڈ کمیونٹی کے علاوہ سینکڑوں مداحوں نے بھی شرکت کی۔