Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری دیوی کی فلمیں اور ایک پرانا قصہ

سجل علی کے ساتھ ان کی فلم ’موم‘ یعنی ماں 2017 میں ریلیز ہوئی اور یہی ان کی آخری فلم بھی ثابت ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آج اگر چاندنی زندہ ہوتیں تو اپنی 59 ویں سالگرہ منارہی ہوتیں لیکن وہ آج اس دنیا میں نہیں لیکن پیچھے وہ چھوڑ گئیں اپنی یادگار فلمیں۔
چاندنی بھی سری دیوی کی ایک فلم کا ہی نام ہے لیکن لوگ انہیں ان کی خوب صورت اداکاری کی وجہ سے چاندنی ہی کہتے تھے۔ سری دیوی کا فلمی دنیا کا سفر اس وقت شروع ہوا جب وہ صرف چار سال کی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں سینکڑوں فلموں میں کام کیا۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی کے ساتھ ان کی فلم ’موم‘ یعنی ماں 2017 میں ریلیز ہوئی اور یہی ان کی آخری فلم بھی ثابت ہوئی۔
اس اداکارہ کی موت 24 فروری کو دبئی میں ہوئی اور کہا یہی جاتا ہے کہ ان کا انتقال نہاتے وقت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوا لیکن اس تحریر کا مقصد ان کی موت پر روشنی ڈالنا نہیں بلکہ یہ بتانا ہے کہ سری دیوی کی اداکاری نے کیسے ایک بچے کو جینے کی امید دی۔
یہ بچہ اب بڑا ہوچکا ہے اور سری دیوی کی موت پر اس نے کچھ یوں لکھا تھا کہ ’جس وقت وہ چھوٹا تھا اور اس کی زندگی اس پر تنگ کردی گئی تھی اس وقت وہ گھنٹوں ٹی وی سکرین کو دیکھتا رہتا تھا اور سری دیوی کی چمک میں اسے زندگی نظر آتی تھی۔‘
ہریش نامی شخص نے لکھا تھا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ آپ آج مرچکی ہو، یہاں سے جاچکی ہو۔ اب مجھے آپ کے گزرے ہوئے کل کی روشنی سے اپنا آنے والا کل روشن کرنا ہوگا۔‘
ہریش خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ سری دیوی کے کروڑوں پرستاروں میں سے انہیں اپنی پسندیدہ اداکارہ سے ملنے کا موقع ملا۔
انڈین اداکار عامر خان برسوں پہلے سٹار پلس پر ایک پروگرام کیا کرتے تھے اور اس پروگرام میں ہریش کی ملاقات سری دیوی سے ہوئی۔
عامر خان نے اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ ہریش کو بچپن میں جنسی زیادتی کا سامنا رہا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کڑا وقت آپ نے کیسے گزارا؟ ہریش کہنے لگے کہ اس مشکل وقت میں سری دیوی کی فلمیں ہی ان کے لیے آسرا تھیں۔

سری دیوی نے ہریش سے کہا کہ ’میری فلموں نے آپ کو خوشی دی یہ سن کر مجھے بہت اچھا لگا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پھر یوں ہوا کہ ہریش کا خواب سچ ہوا اور سری دیوی ان کے سامنے حقیقت بن کر سامنے آگئیں۔
پریش نے انہیں دیکھا تو حیرانی کے عالم میں کہنے لگے کہ ’بچپن سے ہی ان کی خیالی دنیا سری دیوی کے اردگرد گھومتی ہے۔‘
ہریش کی کہانی اس پروگرام میں تو شیئر نہیں کی گئی لیکن سری دیوی کو سب کچھ بتایا گیا تھا۔ اس پر سری دیوی نے کہا کہ ’ہریش 18 سال تک جو آپ نے ذہنی صدمہ سہا ہے۔ میں سپنے میں بھی سوچ نہیں سکتی ہوں کہ بچوں کے ساتھ کوئی ایسا کرسکتا ہے۔‘
انہوں نے ہریش کو اپنی کہانی ان کے ساتھ شیئر کرنے پر سراہا اور کہنے لگیں ’پتا نہیں کتنے بچوں کو ہمت ملے گی جو اس نرگ (دوزخ) سے گزر رہے ہیں اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ ایک اصلی ہیرو ہیں۔‘
’آپ کے مشکل وقت میں میری فلموں نے آپ کو خوشی دی یہ سن کر مجھے بہت اچھا لگا۔‘
یاد رہے کہ سری دیوی آج ہی کے دن یعنی 13 اگست 1963 کو انڈیا میں پیدا ہوئی تھیں۔

شیئر: