انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیاں، چار ماہ کا وقت درکار ہو گا: الیکشن کمیشن
جمعرات 17 اگست 2023 16:49
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت رواں سال دسمبر کی 14 تاریخ کو ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں کے لیے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لیے چار ماہ کا وقت درکار ہو گا۔
جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے سرکاری اشاعت شدہ نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں شیڈول کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضروری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت رواں سال دسمبر کی 14 تاریخ کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے حلقہ بندیوں کے حوالے سے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اگلے عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ممکن نہیں ہو گا۔
پاکستان کے آئین کے مطابق قبل از وقت اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کی صورت میں انتخابات کا انعقاد 90 دن میں کیا جاتا ہے اور الیکشن کمیشن اس کا شیڈول جاری کرتا ہے۔
قومی اسمبلی کو مدت مکمل ہونے سے تین دن قبل تحلیل کیا گیا تھا جس کی وجہ سے آئینی تقاضے پر اگلے عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں کیا جانا ہے۔ اگر اسمبلیاں مدت پوری کرتی ہیں تو عام انتخابات کا انعقاد 60 روز کے اندر کیا جاتا ہے۔
ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 90 روز میں یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے نئی مردم شماری کرانے کی منظوری کے فیصلے کو معطل کر کے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کا انعقاد 90 دن کے اندر کرانے کی ہدایت کرے۔