کرایے پر جائداد، ضمانت کی رقم کس کے پاس رہے گی؟
ریئل سٹیٹ ایجنسی اسے محفوظ کرنے کی دعویدار نہیں بن سکتی ( فوٹو: عکاظ)
سعودی ’ایجار‘ پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ ’غیر منقولہ جائداد کرایے پر دیتے ہوئے مقررہ ضمانت کی رقم قانون کے مطابق غیر جانبدار فریق کی حیثیت سے ’ایجار‘ کے پاس محفوظ رہے گی‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق’ ضمانتی رقم غیر منقولہ جائداد کا مالک اپنے قبضے میں کرسکتا ہے اور نہ ریئل سٹیٹ ایجنسی اسے اپنے پاس محفوظ کرنے کی دعویدار بن سکتی ہے۔
ایجار نے کہا کہ ’ریئل سٹیٹ ثالثی قانون کے مطابق ضمانتی رقم متعلقہ ادارے کے پاس محفوظ کی جاتی ہے یا اس شخص کے حوالے کی جاتی ہے جسے ادارہ اس کی ذمہ داری دیتا ہے‘۔
یہ رقم ادارے یا ثالث کے پاس اس وقت تک رہتی ہے جب تک کہ غیر منقولہ جائداد کسی خرابی کے بغیر مالک کے حوالے نہ کردی جائے۔
ایجار کا کہنا ہے’ کرایے کی میعاد ختم ہوجانے یا کرایہ نامہ منسوخ کرنے کی صورت میں ضمانتی رقم کی واپسی اس وقت ہوگی جب فریقین غیر منقولہ جائداد اپنی اصلی حالت میں حوالے کرنے والے فارم پر دستخط کردیں گے‘۔