برکس کی شمولیت کی دعوت پر سعودی عرب کا خیرمقدم
جمعرات 24 اگست 2023 10:33
وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے برکس ایک ’اہم اور فائدہ مند چینل‘ ہے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے برکس گروپ میں شامل ہونے کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جنوری کو شمولیت کی تاریخ سے پہلے تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق العریبیہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اس حوالے سے ’مناسب فیصلہ‘ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے برکس ایک ’اہم اور فائدہ مند چینل‘ ہے۔‘
اس سے قبل امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے رپورٹ کیا تھا کہ اُبھرتی ہوئی معیشتیں سعودی عرب کو برکس میں شامل ہونے کی دعوت دینے کی تیاری کر رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بلوم برگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ برکس کے رکن ممالک برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقہ کے رہنماؤں نے اپنے گروپ کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ 2010 کے بعد گروپ کی جانب سے پہلی توسیع ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے علاوہ مصر ایک اور ملک ہے جسے شمولیت کی دعوت دی جا رہی ہے۔