اس سال سعودی شہری سیاحت کےلیے کہاں جا رہے ہیں؟
40 فیصد سعودی سیاحوں نے قاہرہ کا انتخاب کیا ہے ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں سفری امور کے ماہر گروپ وینجی اینگن نے 2023 کے دوران سعودی سیاحوں کے ان پسندیدہ مقامات کی فہرست جاری کی ہے جہاں جانے کے لیے سعودیوں کو ویزا نہیں لینا پڑتا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وینجی اینگن گروپ کا کہنا ہے کہ ’سعودی سیاح ایسے ممالک کا انتخاب کرتے ہیں جہاں جانے کے لیے انہیں ویزا نہیں لینا پڑتا۔ 40 فیصد سعودی سیاحوں نے قاہرہ کا انتخاب کیا‘۔
’متحدہ عرب امارات کا رخ کرنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد 14 فیصد، تھائی لینڈ کے لیے 9 فیصد جبکہ فلپائن کے لیے بکنگ کرانے والے پانچ فیصد رہے‘۔
وینجی اینگن گروپ کے مطابق’ سعودی سیاح رہائش کے لیے بہترین مقامات کا انتخاب کرتے ہیں‘۔
’سعودی سیاحوں نے اس سال موسم گرما کے دوران رہائش کے لیے پچاس فیصد تک فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کرائی‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سفر کو آسان بنا کر سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
زائرین کو الیکٹرانک سیاحتی ویزے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں اور حال ہی میں سیاحتی سفر کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔