امارات میں سونے کے نرخ بڑھنے سے گولڈ مارکیٹ کیا اثر پڑا؟
21 قیراط کی قیمت ڈھائی درہم اضافے کے بعد 208.25 درہم ہوگئی (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے مقابلے میں رواں ہفتے کے آخر میں مختلف قیراط کے سونے کے نرخوں میں ڈھائی درہم سے پونے تین درہم تک کا اضافہ ہوا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی اور شارجہ میں زیورات کے شورومز کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ’ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث سونے کے نرخ دوبارہ بڑھنے پر زیورات کا کاروبار متاثر نہیں ہوگا‘۔
شوروم میں ایک سیلز مینجر نے کہا کہ’ ڈالر کی قدر میں معمولی کمی کا اثر سونے کے نرخوں پر پڑا ہے تاہم متحدہ عرب امارات کی گولڈ مارکیٹ کے سودوں پر اس کا خاص اثر نہیں پڑے گا‘۔
ان کے مطابق’ سیاح اور وزیٹرز اپنے پیاروں کے لیے زیورات کے تحائف خرید رہے ہیں اور وہ زیورات کے نرخوں میں معمولی اضافے کو نظ؍ر انداز کیے ہوئے ہیں‘۔
ایک اور شوروم کے مینجر نے کہا ’ سونے کے نرخوں میں اضافے کا اثر سونے کے سکوں اور بسکٹس کی طلب کم ہونے کی صورت میں ہوا ہے۔ زیورات کی خریداری میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے‘۔
امارات میں 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 2.75 درہم کے اضافے کے بعد 232.25 درہم ہوگئی جبکہ 22 قیراط ایک گرام کی قیمت ڈھائی درہم بڑھنے پر 215 درہم تک پہنچ گئی ہے۔
21 قیراط کی قیمت ڈھائی درہم اضافے کے بعد 208.25 درہم جبکہ 18 قیراط کی قیمت ڈھائی درہم اضافے کے بعد 178.5 درہم تک ہوگئی ہے۔