سعودی عرب میں شکار کا سیزن یکم ستمبر سے شروع ہوگا
صرف اپنے نام سے رجسٹرڈ آتشیں اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی قومی مرکز برائے جنگلی حیات نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں شکار کا سیزن یکم ستمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری 2024 تک جاری رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فالکنز کلب کے ساتھ رجسٹرڈ رائفلز اور فالکنرز والے شکاریوں کو فطری پلیٹ فارم کے ذریعے اجازت نامے کے لیے درخواست دینا ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق شرکا کو صرف قومی مرکز برائے جنگلی حیات کی ویب سائٹ اور فطری پلیٹ فارم پر مخصوص انواع کا شکار کرنے کی اجازت ہو گی جس میں مملکت کے ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خطرے سے دوچار جانوروں اور شکاری پرندوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
شکاریوں کو صرف اپنے نام سے رجسٹرڈ آتشیں اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ انہیں دوسرے طریقوں سے پرہیز کرنا چاہیے جو ایک سے زیادہ جانوروں یا پرندوں کو پکڑ سکتے ہیں جیسے کہ شاٹ گن اور جال۔
اس کے علاوہ شکار کے ضوابط شکاریوں کو گیسز، گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں، ڈوبنے کے طریقوں اور لالچ سے منع کرتے ہیں۔
قومی مرکز برائے جنگلی حیات نے خبردار کیا ہے کہ شکاریوں کو شہروں، دیہات، ریسٹ ہاؤسز اور فارموں کی حدود میں بھی آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
فوجی، صنعتی اور اہم تنصیبات، بڑے منصوبوں اور مملکت کے ساحلوں سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر شکار کرنا بھی ممنوع ہے۔
قومی مرکز برائے جنگلی حیات نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
وزارت داخلہ جس کی نمائندگی سپیشل فورسز برائے ماحولیاتی تحفظ اور دیگر متعلقہ حکام کریں گے خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا انچارج ہو گا۔